Get Alerts

مچھ میں قتل کیے گئے کان کنوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، وزیراعظم آج کوئٹہ جائیں گے

مچھ میں قتل کیے گئے کان کنوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، وزیراعظم آج کوئٹہ جائیں گے
بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مچھ میں قتل کیے گئے کان کنوں کی نماز جنازہ کوئٹہ کے ہزارہ ٹاؤن میں ادا کردی گئی۔

کوئٹہ میں ہزارہ ٹاؤن قبرستان میں کان کنوں کے نماز جنازہ علامہ راجا ناصر عباس نے پڑھائی جس میں لواحقین، اہل علاقہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس کے علاوہ وفاقی وزیر علی زیدی، معاون خصوصی زلفی بخاری، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری، صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا لانگو سمیت صوبائی وزرا ، اراکین اسمبلی اور سماجی رہنما بھی شریک ہوئے۔ نماز جنازہ کے بعد ان کان کنوں کی تدفین ہزارہ ٹاؤن قبرستان میں کی جائے گی۔

خیال رہے کہ رات گئے حکومت اور ہزارہ برادری کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد لواحقین نے 6 روز سے جاری دھرنے کو ختم کرنے اور میتوں کی تدفین کا اعلان کیا تھا۔

وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز کہا تھا کہ شہداء کی تدفین کر دیں تو میں کوئٹہ آجاؤں گا۔ اب تدفین کے بعد وزیراعظم آرمی چیف اور کابینہ اراکین کی ہمراہ آج کوئٹہ پہنچیں گے۔