8 ماہ کے دوران تجارتی خسارے میں 10 فیصد اضافہ: یہ حکومت کی میک ان پاکستان پالیسی کی کامیابی ہے، رزاق داود

8 ماہ کے دوران تجارتی خسارے میں 10 فیصد اضافہ: یہ حکومت کی میک ان پاکستان پالیسی کی کامیابی ہے، رزاق داود
دسمبر 2020 کے بعد سے تجارتی خسارے میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، فروری میں اس میں 23.93 فیصد، 2 ارب 52 کروڑ ڈالر کا اضافہ دیکھا گیا جو گزشتہ سال کے اسی مہینے کے دوران 2 ارب 3 کروڑ ڈالر تھا۔

تاہم مہینوں کے حساب سے اس میں 5.87 فیصد کی کمی واقع ہوئی۔

تجارتی خسارے میں اضافے کی وجہ بنیادی طور پر فروری 2021 میں درآمدات میں اضافہ اور برآمدات میں کمی ہے۔

مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے درآمدی بل میں اضافے کا جواز پیش کرنے کے لیے ٹوئٹر پر جو بیان جاری کیا اس کے مطابق یہ ظاہر کرتا ہے کہ میک ان پاکستان پالیسی منافع بخش اور کامیاب ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزارت تجارت نے درآمدات میں اس اضافے کا ابتدائی تجزیہ کیا ہے اور اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ زیادہ تر نمو خام مال اور انٹرمیڈیٹ سامان کی درآمد میں اضافے سے ہوئی ہے جس میں 7.8 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیپٹل گڈز کی درآمد میں 0.2 فیصد کمی واقع ہوئی ہے جبکہ صارفین کے سامان کی درآمد میں 7.3 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقمی مارکیٹس میں عدم استحکام ختم کرنے کے لیئے جو چینی اور گندم درآمد کی گئی اس سے  بھی درامدات اور برآمدات میں فرق بڑھ گیا۔

اب تک پاکستان کا تجارتی خسارہ مالی سال 2021 کے 8 ماہ میں 10.64 فیصد اضافے کے ساتھ 17 ارب 54 کروڑ ڈالر ہوگیا ہے جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 15 ارب 85 کروڑ ڈالر تھا۔