مارچ: تجارتی خسارے میں 97 فیصد سے زائد کا اضافہ، تین ارب ڈالر کے قریب پہنچ گیا

مارچ: تجارتی خسارے میں 97 فیصد سے زائد کا اضافہ، تین ارب ڈالر کے قریب پہنچ گیا
پاکستان کا تجارتی خسارہ مارچ میں 97.6 فیصد بڑھ کر 2 ارب 96 کروڑ 80 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا ہے جو گزشتہ برس اسی ماہ میں ایک ارب 50 کروڑ 20 لاکھ ڈالر تھا۔

اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ ماہانہ بنیادوں پر ملک کا تجارتی خسارہ 17.77 فیصد بڑھا۔ گزشتہ برس دسمبر سے تجارتی خسارے میں اضافہ ہوا ہے فروری میں یہ 23.93 فیصد بڑھ کر گزشتہ برس کے اسی ماہ کے مقابلے میں 2 ارب 3 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا تھا۔

مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے ایک ٹوئٹر پیغام میں درآمدی بل میں اضافے کو تجارتی خسارہ بڑھنے کا جواز قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ مارچ کے مہینے میں درآمدات بڑھ کر 5 ارب 13 کروڑ 3 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی تھی جس میں زیادہ تر پیٹرولیم مصنوعات، گندم، سویابین، مشینری، خام مال، کیمیکلز، موبائل فونز، کھاد، ٹائرز، اینٹی بائیوٹک ادویات ویکسین شامل ہیں۔

مارچ میں درآمدی بل 60.22 فیصد اضافے کے بعد 5 ارب 31 کروڑ 30 لاکھ ڈالر تک جا پہنچا جو گزشتہ برس 3 ارب 31 کروڑ 60 لاکھ ڈالر تھا جبکہ ماہانہ بنیاد پر درآمدی بل میں 14.93 فیصد اضافہ ہوا۔

مالی سال 2021 کے جولائی سے مارچ کے عرصے کے دوران درآمدی بل 14.68 فیصد بڑھ کر 39 ارب 91 کروڑ روپے تک پہنچ گیا جبکہ گزشتہ برس کے اسی عرصے کے دوران یہ 34 ارب 79 کروڑ 90 لاکھ ڈالر تھا۔

غیر سرکاری طور پر مالی سال 2021 میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جون کے اختتام تک 4 سے 6 ارب روپے رہنے کا امکان ہے۔