بھارت میں جاری آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ کے 39 ویں میچ میں افغانستان کے خلاف 201 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے والے آسٹریلوی آل راؤنڈر گلین میکسویل نے کئی ریکارڈز اپنے نام کر لیے۔
بھارت میں جاری ورلڈ کپ 2023 کے اہم میچ میں آسٹریلیا نے افغانستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
آسٹریلین بلے باز گلین میکسویل ہیمسٹرنگ انجری کے باوجود بیٹنگ کرتے رہے اور ورلڈ کپ کی تاریخ کی سب سے بڑی اننگز کھیل گئے۔ پیٹ کمنز اور میکسویل نے آٹھویں وکٹ کی شراکت میں 202 کی پارٹنر شپ کی۔
آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے 68 گیندوں پر 12 رنز بنائے اور آخر وقت تک میکسویل کا ساتھ دیا۔
گلین میکسویل نے 201 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر کئی ریکارڈز اپنے نام کر لیے۔ وہ ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں ڈبل سنچری سکور کرنے والے پہلے آسٹریلوی بلے باز بن گئے۔
گلین میکسویل پہلے کرکٹر ہیں جنہوں نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ڈبل سنچری سکور کی۔ وہ ورلڈ کپ میں 201 رنز بنانے والے پہلے آسٹریلوی بیٹر بھی ہیں۔
گلین میکسویل پہلے بیٹر ہیں جنہوں نے مڈل آرڈر میں بیٹنگ کرتے ہوئے ڈبل سنچری سکور کی اور وہ پہلے بلے باز ہیں جنہوں نے ورلڈ کپ میں تیز ترین ڈبل سنچری سکور کی۔ میکسویل پہلے بیٹسمین ہیں جنہوں نے پانچویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے یہ کارنامہ سرانجام دیا۔
آسٹریلوی ٹیم کے بلے باز گلین میکسوئل نے یاد گار اننگز کھیلنے کے بعد کہا ہے کہ میں نے پچ پر آکر صرف یہ سوچا کہ اپنی بلے بازی پر فوکس کرنا ہے اور گراونڈ میں بہت متحرک رہنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پرفارمنس صرف اپنے بیٹنگ پلان پر عمل کرنے سے ہوئی۔ میرے لیے یہ پازیٹو رہ کر کوشش کرنے اور اس چیلنج کو بھر پور طریقے سے قبول کرنے کی بات تھی۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج بہت گرمی تھی. میں اپنے پیر میں کھنچاؤ کی تکلیف سے نکلنے کی کوشش کر رہا تھا اور خوش قسمتی سے میں نے موومنٹیم کو برقرار رکھا ۔
انہوں نے کہا جب میرا ایل بی ڈبلیو آوٹ مس ہوا تو پھر میں نے سوچا کہ اب میں نے اپنی شارٹس کھیلنی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ افغان باولرز نے بہت اچھی باولنگ کی جبکہ ہم نے باولنگ میں افغانستان کی ابتدائی وکٹس جلدی نہیں حاصل کیں ۔
گلین میکسوئل نے کہا کہ میں نے پہلے بھی ایسی اننگز کھیلی ہیں جس میں مجھے چانس ملا لیکن پھر بھی میں کچھ نہیں کر پا یا لیکن آج چانس ملنے کے بعد میچ جیتنا اچھا لگا ۔