Get Alerts

'کفر ٹوٹا خدا خدا کر کے' ویرات کوہلی نے 3 سال بعد بالآخر سنچری بنا ڈالی

'کفر ٹوٹا خدا خدا کر کے' ویرات کوہلی نے 3 سال بعد بالآخر سنچری بنا ڈالی
بھارتی بیٹر ویرات کوہلی کے مداحوں کا انتظار بلآخر ختم ہوگیا، ویرات نے تین سال بعد پہلی مرتبہ سنچری اسکور کرلی۔

ایشیا کپ 2022 میں افغانستان کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے ویرات کوہلی نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں کیریئر کی پہلی سنچری بنائی۔

سابق بھارتی کپتان نے سنچری مکمل کرنے کے لیے 53 گیندوں پر 11 چوکوں اور چار بلند و بالا چھکوں کا سہارا لیا۔

خیال رہے کہ ویرات کوہلی نے آخری مرتبہ 23 نومبر 2019 کو بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ میچ میں سنچری اسکور کی تھی۔

متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے میں بھارت نے ویرات کوہلی کی شاندار سنچری کی بدولت کے افغانستان کو جیت کیلئے 213 رنز کا ہدف دے دیا۔

بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 212 بنائے، ویرات کوہلی شاندار 122 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس کے علاوہ کپتان کے ایل راہول 62 اور سوریا کمار یادیو 6 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کیھلے جارہے میچ میں افغانستان کے کپتان محمد نبی نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دے دی۔

بھارت کے کپتان روہت شرما آج کا میچ نہیں کھیل رہے، ان کی جگہ نائب کپتان کے ایل راہول بھارتی ٹیم کی قیادت کریں گے۔

ٹاس کے موقع پر کے ایل راہول کا کہنا تھا کہ روہت آرام کے غرض سے آج کے میچ کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔بھارتی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ افغانستان اور بھارت پہلے ہی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکے ہیں۔