Get Alerts

ضمنی انتخابات ملتوی، پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کا ایک دوسرے پر الیکشن سے بھاگنے کا الزام

ضمنی انتخابات ملتوی، پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کا ایک دوسرے پر الیکشن سے بھاگنے کا الزام
الیکشن کمیشن کی جانب سے ضمنی انتخابات ملتوی کیے جانے کے بعد پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی نے ایک دوسرے پر الیکشن سے بھاگنے کا الزام لگا دیا۔

چئیرمین پاکستان پیپلز یارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے سماجی رابطہ ویپ سائٹ ٹویٹرپر کہا کہ عمران خان کب تک لاڈلہ رہے گا؟ ملتان اور کراچی کے میرے ضمنی الیکشن کے امیدوار اچانک انتخابات ملتوی ہونے پرمایوس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آخری وقت میں پی ٹی آئی کو الیکشن سے نہیں بھاگنے دینا چائیے۔ ضمنی الیکشن والے حلقوں میں کئی عرصہ سے نمائندگی نہیں تھی۔ پی پی پی کے امیدوارعوام کی خدمت کرنے کے لیے بے چین ہیں۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء فواد چوہدری نے بھی انتخابات ملتوی ہونے کی خبر کو ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ 'بھاگ گئے'۔

پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ عمران خان کی مقبولیت سے خوفزدہ ہوکرالیکشن سے بھاگ گئے؟ چھپ چھپ کر کاروائیوں سے ملک کا فائدہ نہیں نقصان ہورہا ہے۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ الیکشن کمیشن بتائے؟ فیصل آباد، ملتان ، خانیوال ، بہاولنگر ، شیخو پورہ ، ننکانہ ، کراچی ، چارسدہ ، پشاور، مردان ، کرم میں کون سیلاب آیا ہے؟

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی مقبولیت سے خوفزدہ ہوکر بھاگ گئے ہے؟ چھپ چھپ کر کاروائیوں سے ملک کا فائدہ نہیں نقصان ہورہا ہے، اب فوری عام انتخابات کرواؤ۔

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک بھر میں 13حلقوں میں ضمنی انتخابات کی پولنگ تاریخوں کو ملتوی کردیا ہے، ملک میں11، 25 ستمبر اور 2 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات کی پولنگ تاریخیں ملتوی کی گئی ہیں، ضمنی انتخابات کی صرف پولنگ کی تاریخوں کو ملتوی کیا گیا ہے، ضمنی الیکشن کے باقی مراحل شیڈول کے مطابق ہوں گے۔

بتایا گیا ہے کہ انتخابات کے دوران سکیورٹی فرائض اور دیگر انتظامات کرنے والے ادارے سیلاب متاثرین کی امداد میں مصروف ہیں، اس لیے سیلاب کی تباہ کاریوں کی وجہ سے الیکشن ملتوی کیے گئے ہیں، خیبرپختونخواہ میں دہشتگردی کے واقعات ہوئے ہیں جبکہ لوگوں کی بڑے پیمانے پر نقل مکانی بھی ہوئی ہے اس لیے بھی الیکشن نہیں ہوسکتا۔