Get Alerts

افراط زر، مالیاتی خسارہ اور غیر منصفانہ محصولات کیا روداد سناتے ہیں؟

مہنگائی کے بجٹ سے تنخواہ دار طبقے پر عائد ناقابل برداشت بوجھ کو کم کرنے کے لیے ٹیکس کی بنیاد کو کم شرحوں کے محصولات کے ساتھ وسیع کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے پاس 11.4 ملین رجسٹرڈ انکم ٹیکس افراد ہیں لیکن ریٹرن فائلرز رجسٹرڈ کمپنیوں سمیت 50 فیصد سے بھی کم ہیں۔

افراط زر، مالیاتی خسارہ اور غیر منصفانہ محصولات کیا روداد سناتے ہیں؟

'مہنگائی ہمیشہ اور ہر جگہ ایک مالیاتی رجحان ہے'۔ ملٹن فریڈمین

'ایک خسارہ صرف اسی صورت میں ضرورت سے زیادہ خرچ کرنے کا ثبوت ہے اگر یہ افراط زر کو جنم دیتا ہے۔۔۔ ہماری مشترکہ فلاح و بہبود کو خطرہ بجٹ خسارہ سے نہیں ہے۔ درحقیقت ضرورت سے زیادہ افراط زر سے ہے'۔ سٹیفنی کیلٹن کی کتاب دی ڈیفیسٹ متھ  سے ماخوذ۔

'پولٹری فیڈ پر 10 فیصد سیلز ٹیکس کی وجہ سے مرغی کی قیمتیں بجٹ سے پہلے کے مہینے کے مقابلے میں 12 فیصد اضافے سے 382 روپے فی کلو تک پہنچ گئیں۔ سیلز ٹیکس اور ودہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ کے بعد پاؤڈر دودھ 17 فیصد یا 140 روپے مہنگا ہو کر 992 روپے فی پیک ہو گیا۔ پی بی ایس کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ چینی کی قیمتیں اوسطاً 146 روپے فی کلو تک بڑھ گئیں'۔ بجٹ نے جولائی میں مہنگائی کو تیز تر کیا، ایکسپریس ٹریبیون، 2 اگست 2024۔

پاکستان میں یکے بعد دیگرے آنے والی حکومتوں نے سال بہ سال ثابت کیا ہے کہ وہ مالیاتی استحکام حاصل کرنے، مالیاتی خسارے اور مہنگائی پر قابو پانے کی کوئی خواہش نہیں رکھتی ہیں۔ وہ اندرونی اور بیرونی طور پر قرض لینا پسند کرتی ہیں، ضرورت سے زیادہ خرچ کر کے، رجعت پسند ٹیکسوں اور بجلی اور روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں اضافہ کر کے افراط زر کو بڑھاتی رہی ہیں۔ انتہائی بے حسی اور لاپرواہی سے اسراف اور قرضوں کی انمٹ بھوک نے ریاست پاکستان کو قرضوں کی تاریک قید میں دھکیل دیا ہے، جس سے نکلنا ایک مشکل چیلنج ہے۔

شہریوں کی بھاری اکثریت کے لیے اب اصل مسئلہ ضروریات زندگی کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں اور تیزی سے بگڑتے معیار زندگی کی وجہ سے معاشی بقا ہے۔

دنیا میں آئینی سیاسی معیشت کے نقطہ نظر سے قرضوں کی غلامی (debtocracy) پر بہت کچھ لکھا گیا ہے، لیکن پاکستان میں اس کے تاریخی ارتقا کے بارے میں بہت کم ادب (Pakistan:Drug-trap to Debt-trap) دستیاب ہے۔ مہلک قرضوں کا جال، جس میں پاکستان اس وقت پھنسا ہوا ہے، کوئی الگ تھلگ اقتصادی مسئلہ نہیں ہے۔ اس کے سنجیدہ سیاسی مفہومات اور مضمرات ہیں (پاکستان کے تناظر میں اشرافیہ کی معیشت کا بحران اور نوآبادیاتی محکومیت)۔ اس کے دیگر اہم اور سنگین پہلو بھی ہیں جیسے ان مظلوم شہریوں کے بنیادی حقوق کی کھلی اور صریح خلاف ورزی، جن پر ملٹری-جوڈیشل-سول کمپلیکس اور ان کے طفیلی طبقات کی آسائشوں کی فراہمی کے لئے قرضہ جات لیے جاتے ہیں اور پھر ان کی ادائیگی کے لیے بے رحمی سے غیر منصافانہ محصولات عائد کیے جاتے ہیں۔

وزارت خزانہ کی جانب سے 30 جولائی 2024 کو جاری کردہ سمری برائے کنسولیڈیٹڈ فیڈرل اینڈ پرونشل فسکل آپریشنز 2023-24 [سمری] کے مطابق عارضی اعداد و شمار کی بنیاد پر، مالی سال 2023-24 میں، پاکستان کو 7.2 ٹریلین روپے کے تاریخی بلند ترین مالیاتی خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ مالی سال 2022-23 سے 16 فیصد زیادہ رہا۔ کل محصولات (وفاقی اور صوبائی) 13.27 ٹریلین روپے تھے جبکہ کل اخراجات 20.48 ٹریلین روپے تک پہنچ گئے۔ صرف 'قرض کی خدمت' (debt servicing) کا خرچہ 8.159 ٹریلین روپے تھا۔

وفاقی حکومت کی خالص آمدنی (ٹیکس اور نان ٹیکس)، صوبوں کو 5.263 ٹریلین روپے کی منتقلی کے بعد، 7.079 ٹریلین روپے تھی۔ وفاقی حکومت نے 1080 بلین روپے کے فنڈز ادھار لیے تا کہ 8.159 ٹریلین روپے صرف 'قرض کی خدمت' میں بڑھتے ہوئے خسارے کو پورا کیا جا سکے۔ اس طرح پورے دفاعی اخراجات 1.859 ٹریلین روپے اور دیگر اخراجات مہنگے ادھار فنڈز سے پورے کیے گئے۔

ہماری یکے بعد دیگرے آنے والی حکومتوں - سول اور ملٹری - دونوں کا مخمصہ جوں کا توں ہے: ایک طرف وہ مہنگائی کو کم کرنا چاہتی ہیں اور دوسری طرف رجعت پسند ٹیکسوں میں اضافے سے ہونے والے افراط زر کے باوجود ان کا نفاذ اور پھر اس کو حاصل کرنے کی فیڈرل بورڈ آف ریونیو  کی تعریف! بجلی کی پیداوار کے لیے استعمال ہونے والے ایندھن پر ٹیکسوں کو کم اور معقول بنا کر (جو بالآخر صارفین کو منتقل کیا گیا) حکومت 2023 میں ٹیرف میں مزید اضافے سے بچ سکتی تھی، خاص طور پر یکم مارچ 2023 کو 3.23 روپے فی یونٹ روپے کے مستقل بجلی سرچارج سے۔ یہی حال حالیہ بجلی کے چارجز میں ناقابل برداشت اضافے کے لیے بھی ہے جہاں ٹیکس یا چارجز کا عنصر بہت زیادہ ہے۔

اس بات پر روشنی ڈالنے کی ضرورت ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو 100 فیصد بل کی گئی رقم کی بنیاد پر سیلز ٹیکس وصول کرتا ہے، اس سے قطع نظر کہ وصولی ہوئی یا نہیں۔ غیر رجسٹرڈ افراد کی صورت میں بے تحاشہ سیلز ٹیکس اور 4 فیصد اضافی چارج لاگت کو بڑھانے میں اور مہنگائی میں اضافے میں بڑا حصہ ڈال رہا ہے۔

مالی سال 2023-24 میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے بجٹ میں تفویض کردہ 9415 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 9311 ارب روپے کے محصولات جمع کیے۔ سمری کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے 4.53 ٹریلین روپے براہ راست ٹیکس کے طور پر اکٹھے کیے، 3.99 ٹریلین روپے سیلز ٹیکس کے طور پر، 1.10 ٹریلین روپے کسٹم ڈیوٹی کے طور پر اور 577.4 بلین روپے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے طور پر۔

یہ بات اچھی طرح سے قائم شدہ ہے کہ انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 میں بہت سی ودہولڈنگ شقیں بالواسطہ ٹیکسوں کی نوعیت رکھتی ہیں جو ناصرف تنخواہ دار طبقے اور غریبوں پر منفی اثر ڈالتی ہیں بلکہ یہ ان عوامل میں شامل ہیں جو کہ فروری 2023 میں 31.5 فیصد تک پہنچ گئی مہنگائی کو متحرک کرتے ہیں۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے دعوے اور میڈیا میں اس تاثر کے برعکس کہ دکاندار کوئی ٹیکس ادا نہیں کرتے، حقیقت یہ ہے کہ تمام ریٹیلرز جن کے کمرشل کنکشن ہیں لیکن ٹائر ون (Tier-I) میں نہیں آتے، بجلی کے بلوں کے ساتھ 5 فیصد سیلز ٹیکس ادا کرتے ہیں جہاں کل ماہانہ بل 20,000 روپے سے زیادہ نہیں ہوتا، اور 7.5 فیصد کی شرح سے جہاں ماہانہ بل اس حد سے زیادہ ہے اور غیر رجسٹرڈ خوردہ فروشوں کی صورت میں اضافی 4 فیصد سیلز ٹیکس۔ بجلی فراہم کرنے والا کسی بھی ان پٹ (input) ٹیکس کو ایڈجسٹ کیے بغیر اس رقم کو جمع کرنے کا پابند ہے۔

انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کا سیکشن 235 تمام تجارتی اور صنعتی صارفین پر بھی withholding انکم ٹیکس عائد کرتا ہے۔ کمرشل صارفین کے لیے جہاں بجلی کے بل کی مجموعی رقم 500 روپے فی مہینہ سے زیادہ، لیکن 20,000 روپے سے زیادہ نہیں، ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح 10 فیصد ہے اور جہاں رقم 20,000 روپے سے زیادہ ہے، یہ 1950 روپے اور 20,000 روپے سے زیادہ کا 12 فیصد ہے، صنعتی صارفین کے لیے یہ روپے 1950 کے علاوہ 20,000 روپے سے زیادہ رقم کا 5 فیصد ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ سیکشن 235(4)(a) کہتا ہے کہ کسی کمپنی کے علاوہ ٹیکس دہندگان کی صورت میں سالانہ تین لاکھ ساٹھ ہزار روپے کے بل تک جمع ہونے والے ٹیکس کو آمدنی پر کم از کم ٹیکس سمجھا جائے گا اور کسی رقم کی واپسی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ گھریلو صارفین کے لیے، نان فائلرز کی صورت میں، اگر ماہانہ بل 25,000 روپے یا اس سے زیادہ ہے تو 7.5 فیصد کی شرح سے پیشگی انکم ٹیکس وصول کیا جاتا ہے۔

مالی سال 2023-24 میں بجلی کی کھپت پر جمع کردہ انکم ٹیکس 130 ارب روپے تھا۔ مالی سال 2022-23 میں بجلی کے بلوں کے ذریعے جمع کردہ سیلز ٹیکس 223 ارب روپے تھا۔ ایف بی آر کی سال کی کتاب: 2022-23 کے مطابق یہ سب سے زیادہ نمبر تھا، اس کے بعد پیٹرولیم، تیل اور چکنا کرنے والے (POL) کی مصنوعات 152 ارب روپے تھیں۔

بالواسطہ ٹیکس [ودہولڈنگ پروویژنز] مہنگائی کا باعث ہیں اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (SMEs) پر ایک بہت بڑا بوجھ ہے لیکن فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ذہین اور فطین حکام کی طرف سے کسی تحقیق کا اہتمام نہیں کیا گیا یا وزیر اعظم یا وزیر خزانہ کو بریفنگ میں کبھی بھی ان پر روشنی نہیں ڈالی گئی۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے 31 جولائی 2024 کو جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں دعویٰ کیا کہ:

' ایف بی آر نے رواں مالی سال کے پہلے مہینے یعنی جولائی 2024-25 کے لیے ریونیو کا ہدف کامیابی سے حاصل کر لیا ہے۔ 656 ارب روپے مقررہ ہدف کے مقابلے میں 659.2 بلین روپے خالص آمدنی کے طور پر جمع ہو چکے ہیں، باوجود 77.9 بلین روپے کے ریفنڈز کے اجرا کے بعد۔ اس عرصے کے دوران انکم ٹیکس کی مد میں 300.2 ارب روپے اکٹھے کیے گئے۔ سیلز ٹیکس کی مد میں 307.9 ارب روپے۔ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 37.4 بلین روپے اور کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں 91.7 بلین روپے'۔

رواں مالی سال 2024-25 کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کا ہدف سالانہ بجٹ میں 12.970 ٹریلین روپے مقرر کیا گیا ہے۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ مذاکرات کے نتیجے میں نظرثانی شدہ ہدف 12.913 ٹریلین روپے مقرر ہوا ہے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے جان بوجھ کر جولائی 2025 کا ہدف کم مقرر کیا تا کہ غیر معمولی کارکردگی ظاہر کی جا سکے۔ جولائی 2023 کا ہدف 534 ارب روپے تھا۔ اس سال مجموعی ہدف میں 40 فیصد اضافے کی بنیاد پر جولائی 2024 کا ہدف 735 ارب روپے سے کم نہیں ہونا چاہیے تھا۔ تاریخی طور پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے جولائی میں اپنے سالانہ ہدف کا 5.7 فیصد جمع کیا، اس طرح سے بھی ہدف 735 ارب روپے بنتا ہے۔ ان حقائق یا رجحانات کے برعکس جولائی 2024 کا ہدف جان بوجھ کر مقررہ حد سے کم رکھا گیا اور حد سے متجاوز ظاہر کیا گیا! یہ آنے والے مہینوں کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے بوجھ میں مزید اضافہ کرے گا! 7 جولائی 2024 کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے نئے چیئرمین کے لئے یہ رخصت ہونے والے چیئرمین کا خوش آمدیدگی کا پیغام تھا کہ ان کے کام کو انلینڈ ریونیو سروس (Inland Revenue Service) کے باکمال افسران کتنا مشکل بنانے والے ہیں!

ایک پریس رپورٹ کے مطابق، 'ماہ بہ ماہ افراط زر کی شرح ٹیکس سے پہلے کی مدت کے مقابلے جولائی میں 2.1 فیصد کی آٹھ ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، جس کی وجہ سے کھانے پینے کی اشیا کے صارفین سب سے زیادہ متاثر ہوئے'۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ 'اثر ان شہروں میں زیادہ واضح ہوا جہاں ٹیکس کے نئے اقدامات نے صارفین کو سخت متاثر کیا۔ جولائی میں ماہانہ غذائی مہنگائی شہری مراکز میں 4.5 فیصد رہی جو کہ مارچ 2023 کے بعد سب سے زیادہ ہے۔ اتحادی حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے 7 بلین ڈالر کا بیل آؤٹ پیکج جیتنے کے لیے نئے بجٹ میں 1.8 ٹریلین روپے کے نئے ٹیکس لگائے ہیں۔ تنخواہ دار افراد اور قابل استعمال اشیا پر ٹیکس لگا دیا گیا ہے جو زیادہ تر معاشرے کے تمام طبقات کے ذریعہ استعمال ہوتے ہیں، خواہ ان کی آمدنی کی سطح کچھ بھی ہو'۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے مطابق 30 جون 2024 تک کل سیلولر/براڈ بینڈ صارفین کی تعداد 193 ملین (79.44 فیصد موبائل کثافت) تھی، 135 ملین موبائل براڈ بینڈ صارفین (55.61 فیصد موبائل براڈ بینڈ کی رسائی)، 3 ملین فکسڈ ٹیلی فون (ٹیلی کثافت 1.06) صارفین تھے اور 138 ملین براڈ بینڈ صارفین (57.05 فیصد براڈ بینڈ رسائی)۔ اس طرح یکم جولائی 2024 سے پوری قابل ٹیکس آبادی اور یہاں تک کہ وہ لوگ جو ٹیکس کی حد سے کم آمدنی یا آمدنی نہیں رکھتے، پیشگی اور ایڈجسٹ ایبل 15 فیصد انکم ٹیکس فائلرز کے طور پر اور 75 فیصد نان فائلرز کے طور پر ادا کر رہے ہیں۔

تقریباً 90 ملین منفرد موبائل صارفین نے مالی سال 2022-23 کے دوران ایڈوانس/ایڈجسٹ ایبل انکم ٹیکس ادا کیا لیکن پھر بھی قوم کو 'ٹیکس چور' کا لقب دیا گیا جو انتہائی افسوس ناک عمل ہے۔

5 اگست 2024 کو اپ ڈیٹ ہونے والی فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی تازہ ترین ایکٹو ٹیکس دہندگان کی فہرست کے مطابق کل انکم ٹیکس فائلرز کی تعداد 5,234,049 تھی، جن میں سے 3,533,462 قابل ٹیکس افراد تھے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو چاہیے کہ وہ تمام قابل ٹیکس افراد کو ٹیلی کام کمپنیز کے پاس دستیاب ڈیٹا کی مدد سے رجسٹر کرے تاکہ ٹیکس کے بڑے خلا کو پر کیا جا سکے اور غریب سے 15 فیصد سے 75 فیصد جابرانہ ایڈوانس انکم ٹیکس وصول کرنا بند کیا جائے۔

وزیر اعظم اور ان کی معاشی ٹیم کو ملٹن فریڈمین کا مشہور قول یاد دلانے کی ضرورت ہے کہ 'مہنگائی قانون سازی کے بغیر ٹیکس ہے'۔ اگر وہ عوام کو ریلیف دینا چاہتے ہیں تو انہیں تمام ٹیکسوں کی شرح کو کم کرنا ہوگا، درآمدی مرحلے پر سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس کی وصولی کو ختم کرنا ہو گا اور بجلی اور انٹرنیٹ/موبائل کے استعمال پر ودہولڈنگ ٹیکس کو ختم کرنا ہو گا، درحقیقت ان تمام ودہولڈنگ پروویژنز کو جن کا آمدنی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ معاشی انصاف کے لیے انکم ٹیکس بڑھانے کی فوری ضرورت ہے۔

مہنگائی کے بجٹ سے تنخواہ دار طبقے پر عائد ناقابل برداشت بوجھ کو کم کرنے کے لیے ٹیکس کی بنیاد کو کم شرحوں کے محصولات کے ساتھ وسیع کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے پاس 11.4 ملین رجسٹرڈ انکم ٹیکس افراد ہیں لیکن ریٹرن فائلرز رجسٹرڈ کمپنیوں سمیت 50 فیصد سے بھی کم ہیں جنہوں نے صرف انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے تحت مالی سال 2024 میں 2298 ارب روپے کے ودہولڈنگ ٹیکس ادا کیے اور اربوں روپے کا لین دین کرتے ہیں، لیکن انکم ٹیکس کا گوشوارہ جمع نہیں کرواتے، ان کو فوری طور پر ٹیکس کی بنیاد کا حصہ بنانا ہو گا۔ نئے آنے والے چیئرمین کا یہ سب سے بڑا چیلنج ہو گا اور اگر وہ ایسا نہ کر پائے تو یہ دراصل وزیر اعظم کی ناکامی ہو گی کیونکہ وہ ان کو ذاتی پسند کی بنیاد پر لے کر آئے ہیں جبکہ میرٹ پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں بہت سے قابل افسران کو نظرانداز کر دیا گیا۔

مضمون نگار وکالت کے شعبے سے وابستہ ہیں اور متعدد کتابوں کے مصنف ہیں۔ وہ لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (LUMS) میں ایڈجنکٹ فیکلٹی، ممبر ایڈوائزری بورڈ اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس (PIDE) کے سینیئر وزٹنگ فیلو ہیں۔