Get Alerts

مجھے اپنی شکل پسند نہیں، شیشے میں لگتا ہے جیسے کوئی خواجہ سرا کھڑا ہو: ایمان علی

مجھے اپنی شکل پسند نہیں، شیشے میں لگتا ہے جیسے کوئی خواجہ سرا کھڑا ہو: ایمان علی
اداکارہ ایمان علی کا کہنا ہے کہ لوگ مجھے بہت پسند کرتے ہیں اور خوبصورت کہتے ہیں لیکن جب میں شیشے کے سامنے کھڑی ہوتی ہوں تو مجھے لگتا ہے لوگ جھوٹ بول رہے ہیں۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں میزبان کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے اداکارہ ایمان علی نے کہا کہ وہ شادی شدہ زندگی سے بہت لطف اندوز ہورہی ہیں، ہر وقت گھومنا پھرنا اور اپنے شوہر بابر کے ساتھ پورا پورا دن نیٹ فلکس دیکھ کر ٹائم گزارنا اچھا لگ رہا ہے، حالانکہ شادی سے پہلے مجھے گھومنا اچھا نہیں لگتا تھا کیوں کہ لوگ خود جتنے برے ہوتے ہیں ان کی سوچ ان سے بھی زیادہ گندی ہوتی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں اداکارہ ایمان علی کا کہنا تھا کہ میں یہ کافی انٹریوز میں کہہ چکی ہوں کہ مجھے اپنا ظاہر بالکل بھی پسند نہیں حالانکہ لوگ مجھے بے حد پسند کرتے ہیں اور وہ کہتے ہیں کہ آپ بہت خوبصورت ہیں لیکن جب میں خود کو شیشے میں دیکھتی ہوں تو مجھے لگتا ہے لوگ جھوٹ بول رہے ہیں اور صرف یہی نہیں میں جب موبائل میں سیلفیاں لیتی ہوں تو مختلف زاویوں سے لینے کی کوشش کرتی ہوں کہ شاید اچھی آجائے لیکن پھر خود کو دیکھتی ہوں تو لگتا ہے کوئی خواجہ سرا کھڑا ہے۔
اداکارہ ایمان علی نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ لوگوں میں میری تصاویر نظر نہیں آتی اور نہ ہی میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بہت زیادہ متحرک ہوں کیوں کہ جب میں تصاویر ہی نہیں لیتی تو پھر سوشل میڈیا پر کیا کروں گی اور میں نے دیگر لوگوں کی طرح اپنا کوئی کیمرا مین بھی نہیں رکھا ہوا جو ہر جگہ میری تصاویر بناتا رہے البتہ میں موبائل بہت استعمال کرتی ہوں اور زیادہ تر گیمز کھیلتی ہوں۔

اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ مجھے شاپنگ کرنا بھی پسند نہیں ہے اس لیے میرے پاس زیادہ کپڑے بھی نہیں ہوتے اور جو ہوتے ہیں وہ بھی کہیں نہ کہیں سے آجاتے ہیں جب کہ میرا سفید رنگ میرا پسندیدہ ہے اس لیے لوگ مجھے زیادہ تر اس لباس میں دیکھتے ہیں۔