بغاوت پر اکسانے  کا کیس، ایمان مزاری اور علی وزیر 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

ایمان مزاری کے وکیل نے کہا کہ ایک ہی نوعیت کے دو مقدمات میں ایمان مزاری کے ساتھ 900 سے زائد نامزد ملزمان ہیں۔ دو دن سے کچھ نہیں ملا۔پولیس نے ایمان مزاری سے کوئی تفتیش نہیں کی۔ ایمان مزاری بھاگ نہیں رہیں. یہیں موجود ہیں.ایمان مزاری کا موبائل اور لیپ ٹاپ پولیس نے لےلیا۔

بغاوت پر اکسانے  کا کیس، ایمان مزاری اور علی وزیر 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے اداروں میں بغاوت پر اکسانے، دھمکانے اور اشتعال پھیلانے کے کیس میں انسانی حقوق کی وکیل ایمان مزاری اور پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنما علی وزیر کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

پیر کو انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے اداروں میں بغاوت پر اکسانے، دھمکانے اور اشتعال پھیلانے کے کیس کی سماعت کی۔

ایمان مزاری کی قانونی ٹیم میں زینب جنجوعہ اور مرزا عاصم بیگ شامل تھے۔ زینب جنجوعہ نے عدالت کو بتایا کہ ایمان مزاری کا ایک دن کا ریمانڈ مل چکا۔ پولیس کو تاحال کچھ موصول نہیں ہوا۔ دو دن سے کچھ نہیں ملا۔پولیس نے ایمان مزاری سے کوئی تفتیش نہیں کی۔ ایمان مزاری بھاگ نہیں رہیں. یہیں موجود ہیں. ایمان مزاری کا موبائل اور لیپ ٹاپ پولیس نے لےلیا۔

  ایمان مزاری کے وکیل نے جوڈیشل ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہی نوعیت کے دو مقدمات میں ایمان مزاری کے ساتھ 900 سے زائد نامزد ملزمان ہیں۔ ملک میں وکالت کرنا بھی جرم ہے. ایمان مزاری وکیل ہیں۔

اسلام آباد پولیس نے ایمان مزاری اور علی وزیر کے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔

جج ابوالحسنات نے استفسار کیا کہ ایمان مزاری پر الزام کیا ہے؟ وہ تو معلوم ہو۔ پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ریاست مخالف نعرے بازی اور تقاریر ہوئیں. ایمان مزاری کا فوٹو گرامیٹک اور وائس میچنگ ٹیسٹ کرانا ہے۔

دوران سماعت ملزم علی وزیر نے بتایا کہ جب جلسہ کیا تو نگران حکومت کی کال آئی کہ اسلام آباد میں جلسہ نہیں کرسکتے۔ہمارے جلسے میں کوئی بھی غلط بات نہیں ہوئی۔

علی وزیر نے جج کو غلطی سے جناب سپیکر کہہ دیا۔ وکیل صفائی نے کہا کہ علی وزیر سابق ممبر قومی اسمبلی ہیں۔ اس لئے سپیکر کہہ دیا۔ جج ابوالحسنات نے کہا کوئی بات نہیں۔ میں بھی سن رہا ہوں۔ آپ سپیکر کہہ سکتے ہیں۔

بعدازاں دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے ایمان مزاری اور علی وزیر کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔