Get Alerts

آٹا چینی بحران: ’’جہانگیر ترین کی گرفتاری ممکن نہیں، خسرو بختیار گرفتار ہو سکتے ہیں‘‘

آٹا چینی بحران: ’’جہانگیر ترین کی گرفتاری ممکن نہیں، خسرو بختیار گرفتار ہو سکتے ہیں‘‘
نجی ٹی وی کے پروگرام میں آٹے اور چینی کے بحران پر بات کرتے ہوئے تجزیہ نگار ہارون الرشید کا کہنا تھا کہ مجھ سے سوال کیا گیا کہ کیا جہانگیر ترین گرفتار ہو سکتے ہیں، میں آپ سب کو بتانا چاہتا ہوں کہ جہانگیر ترین کی گرفتاری ممکن نہیں ہے، کیونکہ ایف آئی اے کی جاری کردہ رپورٹ میں آٹے اور چینی کے بحران میں جہانگیر ترین کا نام نہیں آیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جہانگیر ترین کی جگہ خسرو بختیار گرفتار ہو سکتے ہیں، اگر اس مرتبہ وہ لاہور آئے تو ان کے لئے مشکلات پیدا ہوں گی۔ وہ کہتے ہیں کہ ان کے پاس 40 سال سے جہاز ہے، کہاں تھا جہاز؟ ہمیں تو نظر نہیں آیا تھا، ہم بھی رحیم یار خان میں رہے ہیں۔

آٹے اور چینی بحران پر مزید بات کرتے ہوئے ہارون الرشید کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ عمران خان نے اس بحران پر قابو پایا ہے اور عوام کو مشکلات سے نکالا ہے، لیکن عمران خان کو اپنی ٹیم پر غور کرنا چاہیے کیونکہ ان کے لئے مشکلات ان کی اپنی ٹیم پیدا کرتی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سوشل میڈیا ارکان سے ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ صبح اٹھ کر موبائل دیکھتا ہوں تو پتا چل جاتا ہے کہ آج کس کرائسس کا مقابلہ کرنا پڑے گا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کچھ نہ کرے تو اپنا کوئی وزیر ایسا بیان دے دیتا ہے کہ اس کو سنبھالنا مشکل ہو جاتا ہے، ایسے بھی وزیر ہیں جو دفتر سے زیادہ اسلام آباد کی کوہسار مارکیٹ میں بیٹھتے ہیں۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ‏ہر وقت کرائسس کے لیے تیار رہتا ہوں، ‏آٹے چینی بحران پر تحقیقاتی رپورٹ سامنے لائی جائے گی، جو بھی اس میں قصور وار نکلا اس کو میں نہیں چھوڑوں گا چاہے وہ کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو، مایوسی کفر ہے اچھا وقت جلد آئے گا۔