وزیراعلیٰ بلوچستان کیخلاف بھی تحریک عدم اعتماد لانے کی تیاریاں

وزیراعلیٰ بلوچستان کیخلاف بھی تحریک عدم اعتماد لانے کی تیاریاں
وفاق میں تحریک عدم اعتماد اور پنجاب میں متوقع تحریک عدم اعتماد کے بعد بلوچستان میں بھی تحریک عدم اعتماد لانے کی تیاریاں شروع کر دی گئی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کے لیے بی اے پی کے ناراض ارکان نے مشاورت شروع کردی۔

جیو نیوز کی خبر کے مطابق بلوچستان عوامی پارٹی کے ناراض ارکان نے پی ٹی آئی کے ناراض ارکان سےرابطہ کیا ہے اور دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔

سابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا ہے حکومت بلوچستان اسی طرح رہی تو تحریک لائیں گے۔ بلوچستان کے سابق وزیراعلیٰ جام کمال کا کہنا ہے کہ دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی رابطہ کیا جائے گا، بلوچستان حکومت کو گرانے کی کوئی خواہش نہیں ہے۔

دوسری جانب سردار یار محمد رند نے کہاکہ اربوں روپے دےکر وزیر اعلیٰ بننے کے بیان پر وہ قائم ہیں، تحقیقات کے لیے کمیشن بنایا جائے۔

ادھر قانونی ماہرین کا کہنا ہے عبدالقدوس بزنجو کے خلاف 8 اپریل2022 سے پہلے تحریک عدم اعتمادنہیں آسکتی۔