پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئیر رہنماء محمد زبیر نے جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں میزبان شہزاد اقبال کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ کی سینئر لیڈر شب پر غداری کا مقدمہ وزیر اعظم عمران خان کی ایماء پر کیا گیا۔ شہزاد اقبال نے کہا کہ وزیر اعظم نے تو اس مقدمے پر حیرانگی کا اظہار کیا تھا تاہم محمد زبیر نے کہا کہ اس سے یہ بات کی تائید ہوتی ہے کہ وزیر اعظم کو کچھ نہیں پتہ چلتا کہ ملک میں کیا ہورہا ہے، آٹا کون مہنگا کر رہا ہے؟ کون لاک ڈاون کررہا ہے ،چینی کس نے چوری کی اور سابق وزیر اعظم پر غداری کا مقدمہ کس نے درج کروا دیا۔ انکا کہنا تھا کہ وزیر اعظم اپنے بیانات میں کئی دفعہ کہہ چکے ہیں کہ مسلم لیگ کا بیانیہ غداری کا بیانیہ ہے لہذا ان سے اس مقدمے کی مکمل امید کی جاسکتی ہے۔
یاد رہے کہ مسلم لیگ کی رہنماء مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ غداری کا مقدمہ وفاقی یا صوبائی حکومت کی اجازت کے بغیر بنایا ہی نہیں جاسکتا۔ انکا کہنا تھا کہ اس کیس کے مدعی بدر رشید کا تحریک انصاف سے تعلق سامنے آچکا ہے۔ علاوہ ازیں مسلم لیگی رہنماء محمد زبیر اور عطا تارڑ نے گزشتہ دنوں تھانہ شاہدرہ کا دورہ کیا اور کیس کے اوپر پیش رفت کے بارے میں اطلاعات لیں تاہم انوسٹی گیشن آفیسر انکی موجودگی تک تھانے سے غائب رہا۔