Get Alerts

شاہد خاقان اپنے بیان کی وضاحت کریں، وزیراعظم کا فیصلہ پارٹی اور نواز شریف کریں گے، محمد زبیر

شاہد خاقان اپنے بیان کی وضاحت کریں، وزیراعظم کا فیصلہ پارٹی اور نواز شریف کریں گے، محمد زبیر
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما محمد زبیر کا کہنا ہے کہ شاہد خاقان اپنے بیان کی وضاحت کریں، وزیراعظم کا فیصلہ پارٹی اور نواز شریف کریں گے۔

مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر نے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ ‘ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شاہد خاقان عباسی پارٹی کے سینئر نائب ہیں میں ان کے بیان کو چیلنج نہیں کر سکتا۔ شاہد خاقان عباسی اپنے بیان کی وضاحت کریں تو زیادہ بہتر ہو گا۔

ترجمان مریم نواز محمد زبیر نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کے پاس شاید ایسی معلومات ہیں جو میرے پاس نہیں ہیں۔ انتخابات میں بہت وقت باقی ہے، ابھی بہت ساری چیزیں واضح نہیں ہیں، شہباز شریف کے خلاف بھی دوبارہ کیسز بنائے جا رہے ہیں۔مجھے سو فیصد یقین ہے مریم نواز کو کیس میں ریلیف ملے گا۔ انہوں نے مزیدکہا کہ شاہد خاقان عباسی کے بیان کے بعد میری مریم نواز سے کوئی بات نہیں ہوئی۔

محمد زبیر نے کہا کہ مریم نواز ابھی بیٹے کی شادی کی تقریبات میں مصروف ہیں اس لیے ان سے بات نہیں کی۔ شہباز شریف نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب خود کو بہیترین ایڈمنسٹریٹر ثابت کیا۔ شہباز شریف نے مشکل ترین وقت میں ن لیگ کی قیادت کی ہے۔ مریم نواز لوگوں کو جمع کرنے کی بہترین صلاحیت رکھتی ہیں۔انہوں نے نہتی لڑکی ہونے کے باوجود مزاحمت کی سیاست کی۔ مریم نواز مزاحمت کی علامت کے طور پر سامنے آئیں۔

محمد زبیر نے کہا کہ شہباز شریف لیڈ کر رہے ہوں تب بھی مریم نواز ان کے ساتھ کھڑی ہوں گی۔ ن لیگ سے وزیراعظم کا امیدوار کون ہو گا اس کا فیصلہ کوئی نہیں دے سکتا، جب وقت آئے گا نوازشریف اور پارلیمانی پارٹی فیصلہ کرے گی۔ مریم نواز ن لیگ کی الیکشن میں فتح میں پورا حصہ ڈالیں گی۔ مریم نواز کے بغیر ن لیگ الیکشن سوئپ نہیں کر سکتی۔

انہوں نے کہا کہ لوگ کہتے تھے کہ وزرات عظمیٰ شریف فیملی سے باہر نہیں آسکتی۔ وزارت عظمیٰ شریف فیملی سے باہر آئی اور شاہد خاقان عباسی کو سپورٹ کیا۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے آئندہ انتخابات میں وزیراعظم کے اُمیدوار سے متعلق بتایا کہ مریم نواز وزیراعظم کے عہدے کے لیے اہل نہیں ہیں وہ الیکشن نہیں لڑ سکتیں اور عموماً یہی ہوتا ہے کہ جو پارٹی کا صدر ہوتا ہے وہ وزیراعظم بنتا ہے ، شہباز شریف پارٹی صدر ہیں اور وہی ہمارے آئندہ کے وزیراعظم کے امیدوار ہوں گے۔