ملک بھر میں نو محرم کے جلوس و مجالس، کئی شہروں میں موبائل فون سروس معطل

ملک بھر میں نو محرم کے جلوس و مجالس، کئی شہروں میں موبائل فون سروس معطل
کربلا میں نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور اُن کے ساتھیوں کی عظیم قربانی کی یاد میں چھوٹے بڑے شہروں میں آج نو محرم الحرام کے جلوس نکالے جارہے ہیں۔

راول پنڈی کی امام بارگاہ یادگار حسین ،کمرشل مارکیٹ سے علم کا جلوس برآمد ہوا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا واپس امام بارگاہ یادگار حسین پر اختتام پذیر ہوگا۔

اسلام آباد میں نو محرم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ اثنائے عشری برآمد ہوا جب کہ لاہور میں مرکزی جلوس پانڈو اسٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہوا اور روایتی راستوں سے ہوتا ہوا خیمہ سادات امام بارگاہ پر اختتام پزیرہوگا۔

پشاور میں شبیہہ ذوالجناح کاجلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال سے 10 بجے برآمد ہوا جو  صدر روڈ، فخرعالم روڈ،کالی باڑی اور چوک فوارہ سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ہال پرختم ہوگا۔

کراچی میں مرکزی جلوس نشترپارک سے دوپہر 12 بجے برآمد ہوا جو پیپلز چورنگی، صدر دواخانہ، پریڈی اسٹریٹ، بولٹن مارکیٹ اور کھارادر سے ہوتا ہوا حسینیاں ایرانیاں امام بارگاہ کھارادرپر ختم ہوگا۔

سیکیورٹی انتظامات

ملک بھر  محرم الحرام کے جلوس و مجالس کے سلسلے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

سندھ میں نو محرم الحرام پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات ہیں۔ صوبائی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ کراچی میں جلوسوں کے روٹس پر موبائل فون سروس بند رہے گی، سنائپرز بھی تعینات ہوں گے اور فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔

حیدرآباد، سکھر، میرپور خاص، لاڑکانہ، نوابشاہ میں بھی موبائل فون سروس جزوی معطل رہے گی، کچھ شہروں میں انٹرنیٹ سروس بھی جزوی طور پر بند کی جائے گی۔ یوم عاشور کے جلوسوں کی سیکیورٹی پر پولیس کے 7 ہزار سے زائد جبکہ رینجرز کے 5 ہزار اہلکار تعینات ہونگے۔ مختلف راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کئے جائیں گے۔