احساس کفالت پروگرام کے تحت امدادی رقوم کی تقسیم میں بدنظمی، بھگدڑ سے خاتون جاں بحق

احساس کفالت پروگرام کے تحت امدادی رقوم کی تقسیم میں بدنظمی، بھگدڑ سے خاتون جاں بحق
صوبہ پنجاب کے ضلع ملتان میں احساس کفالت پروگرام کی رقم کی تقسیم کے دوران بدنظمی، بھگدڑ سے مبینہ طور پر 70 سالہ خاتون دم توڑ گئی۔

ڈان نیوز سے حاصل معلومات کے مطابق ملتان میں قاسم پور کالونی میں احساس پروگرام کے لیے قائم سینٹر میں مبینہ طور پر بھگدڑ سے وہاں امدادی رقم وصول کرنے کے لیے آئی ایک 70 سالہ خاتون دم توڑ گئی جبکہ 20 دیگر خواتین زخمی بھی ہوگئیں۔

واقعے کے فوری بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں اور جاں بحق اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

اس حوالے سے ترجمان ریسکیو 1122 احسان نے میڈیا کو بتایا کہ جاں بحق عورت کو نشتر ہسپتال ملتان منتقل کر دیا گیا جبکہ 20 سے زائد زخمیوں کو بھی طبی امداد دی جا رہی ہے۔ دوسری جانب ترجمان پولیس نے مذکورہ معاملے پر کہا کہ امدادی رقم وصول کرنے کے لیے آنے والی 70 سالہ نزیراں بی بی گیٹ کے باہر رقم تقسیم ہونے کے وقت سے پہلے ہی صبح 7 بجے دل کا دورہ پڑنے کے باعث جاں بحق ہوئیں۔

ترجمان نے کہا کہ نزیراں بی بی صبح کو سورج میانی سے مذکورہ سینٹر سے کافی دور واقع قاسم پور پہنچی تھیں تاہم عمر زیادہ ہونے اور کمزور ہونے کی وجہ سے وہ گر گئی۔ بعد ازاں خاتون کو ہسپتال لے جایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکیں۔

پولیس کی جانب سے امدادی سینیٹر میں رقم کی فراہمی کے دوران بھگدڑ یا دھکم پیل کی تردید کی گئی اور کہا گیا کہ ایسا کوئی واقعہ نہیں ہوا اور نہ ہی کوئی عورت زخمی ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی آر پی او ملتان وسیم احمد خان، سی پی او ملتان محمد زبیر دریشک، ڈپٹی کمشنر ملتان محمد عامر خٹک اور دیگر سینئر افسران موقع پر پہنچے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔