ماہر امراض خون ڈاکٹر طاہر شمسی کا کہنا ہے کہ پیر سے صحتیاب مریضوں کے بلڈ پلازما کی کلیکشن شروع کریں گے، ابتدائی طور پر وینٹی لیٹر پر جانے والے مریضوں کیلئے بلڈ پلازما استعمال کیا جائے گا۔
نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں گفتگو کرتے ہوئے ماہرامراض خون ڈاکٹر طاہر شمسی نے کہا کہ کرونا وائرس کیخلاف پلازما ٹرانسفیوژن کی اجازت مل گئی ہے، ڈریپ کی جانب سے آج ہمیں باقاعدہ اجازت دی گئی ہے۔
ڈاکٹر طاہر شمسی کا کہنا تھا کہ پیر سے صحتیاب مریضوں کے پلازما کی کلیکشن شروع کریں گے، ابتدائی طور پر انتہائی تشویشناک مریضوں کیلئے پلازما استعمال کریں گے، وینٹی لیٹر پر جانے والے مریضوں کیلئے پلازما استعمال کیا جائے گا۔
ڈاکٹر طاہر شمسی کا مزید کہنا تھا کہ ہماری تیاریاں مکمل ہیں، اس وقت ملک بھر میں پچاس سے ساٹھ افراد پلازما دینے کے قابل ہیں، ایک ایک پاکستانی کی جان بچانا ہمارامشن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پلازما لگانے کے 48 گھنٹے کے اندر مریضوں کی حالت بہتر ہونا شروع ہوتی ہے، پلازما لگانے کے 4 سے 5 دن میں طبیعت بہتر ہوجائے گی۔