Get Alerts

بھارتی گینگسٹر اور خاتون پولیس اہلکار کی محبت شادی میں تبدیل

بھارتی گینگسٹر اور خاتون پولیس اہلکار کی محبت شادی میں تبدیل
 

بھارتی ریاست اترپردیش میں جرائم کے بادشاہ راہول تھسرانا اور خاتون پولیس اہلکار نے طویل رفاقت کے بعد نامعلوم مقام پر شادی کرلی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گریٹر نوئیڈا کے بدنام زمانہ گینگسٹر 30 سالہ راہول تھسرانا نامعلوم مقام پر خاتون پولیس اہلکار پائل کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گیا۔ تقریب میں گینگ کے دیگر اراکین نے بھی شرکت کی اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل کردی گئیں۔

راہول اور پائل کی پہلی ملاقات سورج پور کورٹ میں ہوئی تھی جہاں راہول کو ایک تاجر کے قتل کیس میں پیشی کے لیے لایا جاتا تھا اور پائل کی ڈیوٹی بھی اسی عدالت میں تھی جہاں دونوں کے درمیان محبت پروان چڑھی۔

راہول تھسرانا کو 2014ء میں ایک تاجر کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا جسے اس نے بھتہ نہ دینے پر گولیاں مار کر قتل کردیا تھا تاہم تین سال بعد وہ ضمانت پر رہا ہوگیا تھا اور تاحال مفرور ہے۔

پائل بھی اپنے گھر سے غائب ہے اور تھانے سے بھی غیر حاضر ہے جب کہ پولیس نے شادی کی اطلاع پر راہول تھسرانا کے گھر پر چھاپہ مارا تاہم انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔