ایف آئی اے کا چودھری مونس الہیٰ کی ضمانت منظوری چیلنج کرنے کا فیصلہ

ایف آئی اے کا چودھری مونس الہیٰ کی ضمانت منظوری چیلنج کرنے کا فیصلہ
فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی ( ایف آئی اے) نے مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری مونس الہیٰ کی ضمانت منظوری کا حکم عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ بینکنگ جرائم کورٹ نے چودھری مونس الہیٰ کی عبوری ضمانت منظور کی تھی۔ مونس الہیٰ کیخلاف رواں ماہ 15 جون کو ایف آئی اے لاہور نے منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کیا تھا۔

چودھری مونس الہیٰ، نواز بھٹی، مظہر عباس، شہریار، جاوید، وجیہہ اور محمد خان بھٹی پر کروڑوں روپے کی منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔ ایف آئی اے کی جانب سے تمام ملزمان کیخلاف 24 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی تحقیقات جاری ہیں۔ ایف آئی اے نے ان کیخلاف 15 جون کو منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کیا تھا، جس کے مرکزی ملزم چودھری مونس الٰہی ہیں۔

ایف آئی اے ذرائع کے مطابق مونس الہٰی نے ہنڈی کے ذریعے رقم بیرون ملک بھجوائیں اور بیرون ملک جائیدادیں بنائیں۔ مونس الہٰی اور ان کے خاندان کے لین دین کی جانچ کے بعد حکومت کو شواہد سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

ایف آئی اے نے درخواست کا متن تیار کرکے ڈپٹی اٹارنی جنرل آفس کو ارسال کر دیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مونس الہیٰ کی ضمانت حقائق کے برعکس منظور ہوئی۔ مزید تحقیقات کے لئے ان کی گرفتاری مطلوب ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت مونس الہیٰ کی عبوری ضمانت کے حکم کو کالعدم قرار دے۔ ایف آئی اے اور ڈپٹی اٹارنی جنرل کی حتمی منظوری کے بعد درخواست لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی جائے گی۔