قانون کی سخت عملداری قائم ہونے اور حقائق سامنے آنے پر گمراہ افراد کے ہوش ٹھکانے آنے لگے۔ فوج مخالف بیان دینے والے پی ٹی آئی کارکن محمد شبیر کو غلطی کا احساس، حقائق بتا دیے۔
پی ٹی آئی کارکن محمد شبیر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ میں گذشتہ 10 سالوں سے عمران خان کی جماعت کا کارکن ہوں۔ مجھے سنگین غلطی کا احساس ہو گیا، نہایت معذرت خواہ ہوں۔ محمد بشیر نے اداروں سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ میرے بیان سے اگر کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو معذرت خواہ ہوں۔
اپنے بیان میں محمد شبیر کا کہنا تھا کہ میں عمران خان کو بہت پسند کرتا ہوں۔ اور ان کی وجہ سے ہی میں پی ٹی آئی میں شامل ہوا تھا۔ شہری نے دعویٰ کیا کہ مجھے میاں محمود رشید اورمیاں حامد نے شیل پٹرول کا ایڈیشنل جنرل سیکرٹری لگانے کا وعدہ کیا ہوا ہے۔
اس نے کہا کہ پچھلے دِنوں میں سپریم کورٹ رجسٹری میں اپنے پی ٹی آئی کے دوستوں کے ساتھ گیا اور ان کے اصرار پرایک نظم پڑھ دی جس کی وجہ سے میں بہت شرمندہ ہوں۔ اس نظم کی وجہ سے جس کا دِل دُکھا ہے مجھے خُدا کے لیے معاف کر دیں، میں آئندہ ایسی غلطی نہیں کروں گا۔