’’ان حالات میں ضروری ہے کہ مڈٹرم الیکشن کرائے جائیں‘‘؛ شہباز شریف کی وطن واپسی کی تاریخ کا اعلان

’’ان حالات میں ضروری ہے کہ مڈٹرم الیکشن کرائے جائیں‘‘؛ شہباز شریف کی وطن واپسی کی تاریخ کا اعلان
مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ پارٹی صدر شہباز شریف مارچ کے پہلے ہفتے تک پاکستان واپس آ جائیں گے۔

نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے بتایا کہ شہباز شریف مارچ کے پہلے ہفتے پاکستان واپس آ جائیں گے اور بھرپور طریقے سے پارٹی کی قیادت کریں گے۔

رہنما ن لیگ نے کہا کہ موجودہ صورتحال کا واحد حل ہے کہ عوام سے رجوع کیا جائے، ان حالات میں ضروری ہے کہ مڈ ٹرم الیکشن کرائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ جس انداز میں موجودہ حکومت معیشت سنبھال رہی ہے اس طرح ملک نہیں چل سکتا۔ اپوزیشن کی خاموشی کو ہرگز کمزوری نہ سمجھا جائے، آنے والے دنوں میں اپوزیشن مشترکہ طور پر کہے گی کہ مڈٹرم الیکشن ضروری ہیں۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے سربراہ اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے عمران نیازی کے تکبر، ضد اور حسد کے باعث ملکی معیشت ڈوب رہی ہے۔

شہباز شریف نے پنجاب حکومت کی جانب سے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی رہائش گاہ پر لنگر خانہ کھولنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی مخالفین کے گھروں پر قبضے افسوسناک اور منفی روایت ہے۔ اوچھے ہتھکنڈوں سے اسحاق ڈار کی خدمات کو جھٹلایا نہیں جا سکتا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ایسی گری ہوئی حرکتوں سے اسحاق ڈار اور ن لیگ کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔

خیال رہے کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف گذشتہ 3 ماہ سے ن لیگ کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے علاج کی غرض سے ان کے ہمراہ لندن میں موجود ہیں۔