Get Alerts

مارچ کے بعد عمران حکومت کی چھٹی ہو جائے گی، تمام منصوبہ بندی کر لی گئی ہے، سہیل وڑائچ کا انکشاف

مارچ کے بعد عمران حکومت کی چھٹی ہو جائے گی، تمام منصوبہ بندی کر لی گئی ہے، سہیل وڑائچ کا انکشاف
سینئر صحافی سہیل وڑائچ نے اہم انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ مارچ کے بعد عمران حکومت کی چھٹی ہو جائے گی، اس حوالے سے تمام منصوبہ بندی کر لی گئی ہے۔

سہیل وڑائچ کا کہنا ہے کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں، ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور موجودہ حکومت کے وزرا کی ناقص کارکردگی کے باعث مقتدر حلقوں نے وفاقی حکومت کو ہٹانے کا فیصلہ کر لیا ہے اور مارچ کے بعد سب سے پہلے وفاقی حکومت جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ عمران حکومت کو اقتدار سنبھالے 15 سے 16 ماہ مکمل ہو چکے ہیں لیکن اس حکومت کی کارکردگی صفر ہے۔ مارچ اور اپریل کے بعد کسی بھی وقت مہنگائی اور معاشی بدحالی کا جن بوتل سے باہر نکل کر بے قابو ہو سکتا ہے۔

سہیل وڑائچ کا مزید کہنا تھا کہ شریف خاندان نے میاں شہباز شریف کو اگلا وزیراعظم بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ سیاست کے اگلے معرکے میں عمران خان کا مقابلہ شہباز شریف اور مریم نواز کریں گی۔ اس لیے ان کے خلاف مقدمات بنائے جا رہے ہیں۔ حکومت کا ٹارگٹ اب صرف مریم نواز اور شہباز شریف ہیں۔ حکومت مخالف سیاسی جماعتوں میں رابطوں کا سلسلہ بھی شروع ہے۔ مارچ میں ایک بار پھر تمام اپوزیشن جماعتوں کے ایک ہی پلیٹ فارم پر اکٹھے ہونے کا امکان ہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ پارٹی صدر شہباز شریف مارچ کے پہلے ہفتے تک پاکستان واپس آ جائیں گے اور بھرپور طریقے سے پارٹی کی قیادت کریں گے۔

رہنما ن لیگ کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال کا واحد حل ہے کہ عوام سے رجوع کیا جائے، ان حالات میں ضروری ہے کہ مڈ ٹرم الیکشن کرائے جائیں، جس انداز میں موجودہ حکومت معیشت سنبھال رہی ہے اس طرح ملک نہیں چل سکتا۔ اپوزیشن کی خاموشی کو ہرگز کمزوری نہ سمجھا جائے، آنے والے دنوں میں اپوزیشن مشترکہ طور پر کہے گی کہ مڈٹرم الیکشن ضروری ہیں۔