خیبر پختونخوا: رواں ہفتے کا احوال (جولائی 1 تا جولائی 7)

خیبر پختونخوا: رواں ہفتے کا احوال (جولائی 1 تا جولائی 7)

پاکستان میں 3 کروڑ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال نہیں کرتے


ووٹ کاسٹ نہ کرنے والے وہ لوگ ہیں جو غر بت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کر رہے ہیں


ایک کروڑ پچیس لاکھ خواتین عدم رجسٹریشن کی وجہ سے عام انتخابات 2018 ووٹ کاسٹ نہیں کرسکیں گی، پی پی ایف


پاکستان میں انتخابات کے دوران کل رجسٹرڈ ووٹوں کا 34 فیصد یعنی ساڑھے تین کروڑ سے زائد لوگ اپنا حق رائے دہی سرے سے استعمال ہی نہیں کرتے. یہ وہ افراد ہیں جو کہ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔ خواتین کی ایک بڑی تعداد بھی مختلف وجوہات کی بنا پر ووٹ ڈالنے سے محروم رہ جاتی ہے۔ پاکستان پریس فاؤنڈیشن (پی پی ایف) کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں اب تک ہونے والے عام انتخابات میں یہ بات محسوس کی گئی ہے کہ بعض وجوہات کی بناء پر ووٹروں کی بڑی تعداد اپنا حق رائے دہی استعمال نہیں کرتی۔ پی پی ایف کے مطابق گزشتہ الیکشن میں ایک کروڑ سات لاکھ خواتین ووٹرز الیکشن سے محروم رہ گئی تھیں، جبکہ اس مرتبہ یہ تعداد ایک کروڑ 25 لاکھ تک پہنچ چکی ہے جس کی سب سے بڑی وجہ نئے ووٹرز کا رجسٹرڈ  نہ ہونا ہے۔






خیبر پختونخوا کے ہسپتالوں میں روازنہ اوسطاً 43 بچے مرنے لگے، ایک سال کے دوران 16 ہزار جاں بحق


ملک بھر میں ہر بائیسواں بچہ پیدائش کے 28 دنوں میں موت کی وادی میں چلا جاتا ہے. صوبے میں گزشتہ ایک سال سے کم عمر اور پیدائش کے 28 دنوں کے اندر جاں بحق ہونے والے بچوں کی تعداد 16009 رہی جس کی وجوہات مختلف امراض تھے. نمونیہ، ہیضہ، گردن توڑ بخار، ملیریا اور غذائی قلت کے باعث بھی بچے جاں بحق ہو چکے ہیں۔ پشاور میں 494 بچے، چارسدہ میں 6811، مانسہرہ میں 493 بچے اموات کا شکار ہوئے ہیں۔ بنوں میں 1689، سوات میں 808 اور ڈی آئی خان میں 102 بچے موت کا شکار ہو چکے ہیں۔






ہیلتھ کئیر کمیشن: اتائیوں کے خلاف صوبہ گیر آپریشن 2158 لیبارٹریاں، ہسپتال سیل، 6 ہزار کو نوٹس


خیبر پختونخوا ہیلتھ کئیر کمیشن نے اتائیوں کے خلاف صوبہ گیر آپریشن شروع کرتے ہوئے 2158 لیبارٹریاں اور پرائیویٹ ہسپتال سیل کرنے کے ساتھ کروڑوں روپے کا جرمانہ بھی وصول کر کے قومی خزانےمیں جمع کر دیا۔ ہیلتھ کئیر کمیشن کے ترجمان نے بتایا کہ فاٹا اور پاٹا میں کمیشن کا دائرہ اختیار فی الحال نہیں اور جونہی اختیار ملے گا، کمیشن وہاں پر ہنگامی بنیادوں پر کاروائیاں کرے گی۔






اربوں کا نقصان اٹھا چکے، بی آرٹی میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات کر کے ملوث افراد کو سامنے لایا جائے: تاجر برادری


پشاور کے عوام اور بالخصوص تاجر برادری نے پشاور میں بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے (بی آر ٹی) کے حوالے سے قومی احتساب بیورو کی جانب سے تحقیقات کے آغاز کرنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ تحقیقات جلد از جلد مکمل کر کے ملوث افراد کو الیکشن سے پہلے عوام کے سامنے لایا جائے. بی آرٹی منصوبے پر جہاں اربوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں وہاں پشاور کے ہزاروں تاجروں کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا جبکہ لاکھوں افراد کو شدید ذہنی اور جسمانی اذیت میں مبتلا کر کے رکھ دیا گیا ہے. اس منصوبے کے لئے ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے جہاں اس پر اخراجات پر دوچند اضافہ ہوا وہاں سرکاری حکام اور متعلقہ ٹھیکیداروں کی ملی بھگت سے شہر میں عوام کو منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کرنا پڑتا ہے۔






پشاور: درجن سے زائد سیاسی وابستگی رکھنے والے ایس ایچ اوز تاحال تعینات، الیکشن کی شفافیت پر سوالات اُٹھنے لگے


پشاور پولیس کی جانب سے عام انتخابات پر اثر انداز ہونے اور سیاسی وابستگی رکھنے پر پانچ پولس سٹیشنز کے ایس ایچ اوز اور 13 دیگر اہلکاروں کے تبادلوں کے دعوے غلط ثابت ہو گئے۔ پشاور میں ایک درجن سے زائد تھانوں میں سیاسی وابستگی رکھنے والے ایس ایچ اوز کی تاحال تعیناتی کا انکشاف ہوا ہے جبکہ سابق پی ٹی آئی کی حکومت میں مختلف پولیس سرکلرز میں تعینات ہونے والے ڈی ایس پیز بھی موجود ہیں جس کے نتیجے میں آنے والے عام انتخابات کی شفافیت پر تاحال سوالا ت اُٹھ رہے ہیں۔ دوسری جانب محکمہ پولیس خیبر پختونخوا کے سربراہ نے صوبے کے بیشتر اضلاع کے ڈی آئی جیز اور ڈی پی اوز کے تعیناتی اور تبادلوں کے احکامات جاری کر دیے ہیں لیکن پشاور کے اعلیٰ افسران سمیت سیاسی وابستگی رکھنے والے ایس ایچ اوز کے تبادلوں کے دور دور تک امکانات نظر نہیں آ رہے ہیں۔