کروڑوں کی کرپشن، پی ایس او کے سابق جی ایم سمیت 10 ملزمان کی خلاف 3 کروڑ 42 لاکھ کا ریفرنس دائر
قومی احتساب بیورو خیبر پختونخوا نے پاکستان سٹیٹ آئل میں کرپشن اور ملی بھگت سے کروڑوں روپےغبن کرنے کی تحقیقات مکمل کرلی ہے اور احتساب عدالت میں پی ایس او کے سابق جی ایم مینجر اور مینجر ایکسپورٹ سمیت دس ملزمان کے خلاف تین کروڑ 42 لاکھ روپے مالیت کا ریفرنس دائر کر دیا ہے۔ نیب کے مطابق ملزمان سابق جی ایم عبدالحکیم، عطاالرحمان سومرو مینیجر ایکسپورٹ، پی ایس او مینجر عامر ملک، محمد تنویر ایم ڈی انٹر نیشنل پرائیویٹ لمیٹڈ، محمد صدیق، سید محمد، حمیداللہ، نصیر احمد، سید افضل اور اسلم شاہ پر الزام ہے کہ انہوں نے ملی بھگت سے پاکستان آئل کی مصنوعات میں خوردبرد کی ہے اور ساتھ ہی غیر قانونی طریقے سے بلز جمع کرتے وقت کٹوتی میں بھی غبن کی تھی۔
مالم جبہ پکنک پوائنٹ میں اربوں روپے کا غبن، عمران خان کے 300 ڈیم کہاں گئے: خواجہ ہوتی
پاکستان تحریک انصاف حکومت نے کرپشن اور اقربا پروری کی انتہا کر دی ہے۔ مالم جبہ پکنک پوائنٹ میں اربوں روپوں کا غبن کیا گیا ہے۔ عمران خان کا بھٹو کے ساتھ موازنہ کرنا ناانصافی ہوگی، ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما نوابزادہ خواجہ محمد ہوتی نے مردان میں منعقدہ جسلے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پانچ سال کے طویل عرصہ میں کوئی بھی پراجیکٹ شروع نہیں کیا گیا جس سے عوام کو رلیف ملے۔ خیبر پختونخوا میں ڈیموں کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ سابق حکمران جماعت نے 300 ڈیمز بنانے کا وعدہ کیا تھا لیکن بدقسمتی سے ایک بھی ڈیم نہیں بنا اور جاتے جاتے صوبے کو قرض کا بوجھ دے کر عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کیا گیا۔ مالم جبہ پکنک کا ایشو اٹھاتے ہوئے خواجہ ہوتی نے اربوں روپے غبن کرنے کا انکشاف کیا اور کہا کہ پچھلی حکومت نے منظور نظر افراد کو ٹھیکہ دے کر ناانصافی کا ثبوت بھی دیا۔
فوجداری مقدمات نمٹانے کے لئے قائم 3 کسٹڈی سپیشل ٹاسک عدالتوں میں 2 غیر فعال،70 کیسز التوا کا شکار
پشاور ڈسٹرکٹ کورٹس میں زیر حراست قیدیوں کے فوجداری مقدمات کو نمٹانے کے لئے قائم تین کسٹڈی سپیشل ٹاسک عدالتوں میں دو غیر فعال جبکہ ایک کام کر رہا ہے۔ دو غیر فعال عدالتوں میں ایک عدالت کی جج ڈسٹرکٹ جج پشاور تعینات کیا گیا ہے جبکہ دوسری عدالت کی جج دو سال چھٹی لے کر ملک سے باہر گیا ہے۔ غیر فعال عدالتوں میں70 کے قریب گرفتار ملزمان کے کیسز التوا کے شکار ہیں جس کی وجہ سے گرفتار ملزمان کے کیسز طوالت اختیار کر گئے جو کہ بنیادی حقوق اور فوری انصاف پہنچانے کی خلاف ورزی ہے۔ پشاور ہائی کورٹ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پشاور ہائی کورٹ مذکورہ عدالتوں کو دوبارہ فعال بنانے کے لئے فوری طور پر ججز کی تعیناتی کے لئے اقدامات کر رہی ہے اور ان عدالتوں میں ججز بہت جلد تعینات کیے جائیں گے۔
51 کروڑ کی لاگت سے تعمیر ہیری ٹیج ٹریل بارش کی نذر، گھنٹہ گھر سے کوتوالی تک ٹریک کا بیشتر حصہ منہدم ہو گیا
ہیری ٹیج ٹریل کے ٹائٹل سے گھنٹہ گھر سے گورگھٹڑی تک 51 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والا ٹریک افتتاح سے قبل ہی سیوریج لائن کے دھماکے کی وجہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گیا ہے جبکہ رہی سہی کسر بارش نے پوری کر دی جس سے اینٹوں کو اکھاڑ کر ٹریک کو کھنڈر میں تبدیل کر دیا ہے۔ اہل علاقہ کے مطابق منصوبے کی تعمیر میں ناقص مٹیریل کا استعمال کیا گیا ہے جس کی وجہ سے آج یہ نوبت دیکھنےکو ملتی ہے۔ اس سلسلے میں شہری ترقیاتی ادارے کے ذرائع نے بتایا کہ ٹریک کو بارش نے نہیں بلکہ سیوریج لائن میں دھماکے سے نقصان ہوا ہے۔ اس حوالے سے حکومت نے متعلقہ اداروں سے رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔
نگران حکومت پی ٹی آئی کے اشاروں پر ناچ رہی ہے، مینڈیٹ چرانے کی کوشش ہوئی تو عوام تسلیم نہیں کریں گے: شہباز شریف
جھاڑو بھی خریدا تو کاغذات کی پڑتال ہوئی، کیا پشاور میٹرو بلیک لسٹ کمپنی کو کالا پانی نہیں بھیجنا چاہئے، عمران نے خیبر پختونخوا کا بیٹرا غرق کر دیا، پشاور میں گفتگو
ایک ارب درخت لگانے کا جھوٹ بولا، سوات کو لاہور بنا دوں گا: مینگورہ میں خطاب، ہارون بلور کی شہادت پر فاتحہ خوانی
پشاور اور سوات: مسلم لیگ کے مرکزی صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ 25 جولائی کو اگر شفاف انتخابات ہوئے تو مسلم لیگ ن فاتح ہوگی، ہمارے مینڈیٹ کو اگر چرانے کی کوشش کی گئی تو عوام اسے قبول نہیں کریں گے، نیب مسلم لیگ کو دیوار سے لگانے کی کوشش کر رہا ہے، ہمارے خریدے گئے جھاڑو کی بھی جانچ پڑتال ہوتی ہے، کیا پشاور میٹرو کی کالی لسٹ والی کمپنی کو کالا پانی نہیں بھیجنا چاہئے؟ پشاور میں ہارون بلور کی شہادت پر فاتح خوانی کے بعد امیر مقام کی رہائش گاہ پر میڈیا کو فریفنگ دیتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ13 جولائی کو نواز شریف کی آمد پر لاہور میں جم غفیر نے ثابت کر دیا کہ قوم مسلم لیگ کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔