Get Alerts

خیبر پختونخوا: رواں ہفتے کا احوال

خیبر پختونخوا: رواں ہفتے کا احوال
ادارتی نوٹ: نیا دور نے فیصلہ کیا ہے کہ خیبر پختونخوا کے مقامی اخباروں سے چنیدہ خبروں کو ہفتہ وار شائع کیا جائے تاکہ قارئین تک ان خبروں کی رسائی ممکن ہو سکے۔ زیر نظر خبریں اسی سلسلے کی پہلی کڑی ہیں۔ اس سلسلے میں دیگر صوبوں سے بھی علاقائی خبروں کو عوام تک پہنچانے کا سلسلہ شروع کیا جا چکا ہے۔




خیبر پختونخوا کے مختلف ہسپتالوں میں کتوں اور سانپ کے کاٹے 68 ہزار529 کیسزرپورٹ ہوئےہیں، محکمہ صحت کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ انفارمیشن سسٹم کی رپورٹ


رپورٹ کے مطابق گذشتہ سال کتوں کے کاٹے 67 ہزار 86 افراد کو ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا جبکہ سانپوں کے ڈسنے کے 1443 کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں۔ سانپ اور کتوں کے کاٹنے سے متاثرہ افراد کےعلاج کے حوالے سےپشاور کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر گل محمد کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد کے علاج کے لئے ویکسین موجود ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2017 کے دوران مختلف وجوہات کی بنا پربخار میں مبتلا ہونے والے 10 لاکھ 10 ہزار 877 مریضوں نے ہسپتالوں کا رخ کیا، یورین انفکشن سے متاثرہ 8 لاکھ 16 ہزار 496 مریض، ڈینٹنل کے 5 لاکھ 88 ہزار 247 مریض، معدہ کا السر 5 لاکھ 1305، دمہ کے 2 لاکھ 26 ہزار 183 مریضوں کو علاج و معالجے کی سہولیات دی گئیں۔





یہ بھی پڑھیے: بلوچستان: رواں ہفتے کا احوال







طالبان کمانڈرایک ماہ قبل جدہ گیا، عمرہ ادا کیا، واپسی پر گرفتاری کا انکشاف


وزارت داخلہ کی انتہائی مطلوب افراد کی فہرست  میں شامل مولوی بہادر جان17 مئی کو باچا خان ائیرپورٹ سے روانہ ہوا

ٹی ٹی پی کا اہم کمانڈر ائیربلیو کی فلائٹ پی کے 670 کے ذریعے جدہ پہنچا، اسی ائیرلائن سے 17 جون کو پشاور لینڈ کیا

انتہائی مطلوب عسکریت پسند نے ایک مہینہ سعودی عرب میں گزارا، خیبرپختونخوا پولیس نے گرفتاری پر 10 لاکھ کا انعام مقرر کیا تھا۔

وزارت داخلہ کی انتہائی مطلوب عسکریت پسندوں کی فہرست میں شامل تحریک طالبان پاکستان کے اہم کمانڈر کو باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر جدہ سے واپسی پر گرفتار کرنے کا انکشاف ہواہے جبکہ وفاقی تحقیقاتی ادارہ ایف آئی اے امیگریشن ونگ نےطالبان کمانڈر کو ایئرپورٹ سے دبئی جاتے ہوئے گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ ایئرپورٹ کے انتہائی معتبر ذرائع کے مطابق بہادر جان ولد گل رحمان سکنہ ایف آر بنوں، پی پی نمبر AZ8790022، شناختی کارڈ نمبر 2220173660029 ایک ماہ قبل 17 مئی کو باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے نجی ائیرلائن ائیربلیو کی فلائٹ پی کے 670 کے ذریعے جدہ روانہ ہواتھا۔ بہادر جان وزارت داخلہ کی انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں 134ویں نمبر پر درج ہے۔






مسیحی برادری کا انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان، احتجاجی تحریک شروع کر دی


ترجیحی فہرست  میں مسیحی برادری  کا نام شامل نہ کرنے پر تمام سیاسی جماعتوں کے کارکن اکٹھے ہو گئے

خیبر پختونخوا اسمبلی میں مخصوص اقلیتی رکن کے لئے سیاسی جماعتوں کی جانب سے دی جانے والی ترجیحی فہرست میں ایک بھی مسیحی شامل نہ کیے جانے کے خلاف تمام سیاسی  جماعتوں کے کارکن اکٹھے ہو گئے۔ مسیحی برادری نے عام انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے احتجاجی تحریک شروع کر دی۔ مسیحی برادردی نے چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار سے سیاسی و مذہبی جماعتوں کے اس غیر آئینی اقدام کے خلاف ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ مسیحی برادری کے بعد مسلم لیگ (ن) کے سابق رکن صوبائی اسمبلی عظیم غوری، مسلم لیگ (ن) کے ضلعی  کونسل ممبر سیلاس گل، پیپلز پارٹی کے رہنما یاسر بھٹی، سماجی کارکن ریاض مسیح اور عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما تنویر شہزاد کی قیادت میں پشاور پریس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا اور مسیحی برادری کے مطالبات کے حق میں نعرے لگائے۔






فاٹا کے لئے 7 جوڈیشل کمپلیکس تعمیر کرنے کا فیصلہ، حتمی منظوری آج دی جائے گی


صوبے میں ضم ہونے والے فاٹا کے سات اضلاع اور فاٹا سیکرٹریٹ کے 32 ترقیاتی منصوبے منظوری کے لئے پیش کیے جائیں گے

جوڈیشل کمپلیکس کے ذریعے عدالتی نظام کا دائرہ کار کو فاٹا کے اضلاع تک بڑھایا جائے گا، 5 ارب 95 کروڑ روپے خرچ ہوں گے

اس منصوبے کی حتمی منظوری آج فاٹا ڈیویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں دی جائے گی۔ اجلاس میں فاٹا کے 32 دیگر ترقیاتی منصوبے بھی منظوری کے لئے پیش کیے جائیں گے۔ فاٹا ڈیویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس آج بدھ کے روز ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا کی صدارت میں منعقد ہوگا۔ مذکورہ اجلاس میں خیبر پختونخوا میں ضم ہونے والے فاٹا کے سات اضلاع اور فاٹا سیکرٹریٹ کے 32 ترقیاتی منصوبے منظوری کے لئے پیش کیے جائیں گے جبکہ ان میں سب سے اہم منصوبہ فاٹا کے جوڈیشل کمپلیکس کی تعمیر کا ہے جس پر 5 ارب 95 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔ ا س کے ذریعے عدالتی نظام کے دائرہ کار کو فاٹا کے اضلاع تک بڑھایا جائے گا۔






خیبر پختونخوا میں اعلیٰ افسران تبدیل نہ ہو سکے، شفاف انتخابات پر سوالیہ نشان


خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کے دور حکومت میں تعینات کیے گئےاعلیٰ افسران کی موجودگی میں 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات کی شفافیت پر سوالات اٹھنے لگے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے واضح ہدایات کے باوجود خیبر پختونخوا میں سیکرٹریز، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، ضلعی پولیس افسران تاحال اپنے عہدوں پربراجماں ہیں۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آئندہ انتخابات سے قبل چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور انسپکٹر جنرل آف پولیس کو تبدیل کر دیا جبکہ صوبے بھر کے دیگر اہم عہدوں پر تاحال سابق دور حکومت میں تعینات کیے گئے افسران موجود ہیں۔