Get Alerts

بھارت، آسٹریلیا میچ: کوہلی کی بھارتی تماشائیوں کے اسمتھ کے ساتھ برے سلوک پر معافی

بھارت، آسٹریلیا میچ: کوہلی کی بھارتی تماشائیوں کے اسمتھ کے ساتھ برے سلوک پر معافی
ورلڈ کپ 2019 میں بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے اسپورٹس مین اسپرٹ کی نئی مثال قائم کردی اور اسمتھ سے خراب رویے پر بھارتی شائقین پر برہمی کا اظہار کیا۔

اتوار کو اوول کے تاریخی میدان پر بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے گئے ورلڈ کپ میچ میں اسٹیڈیم بھارتی تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا اور بمشکل آسٹریلین شائقین نظر آتے تھے۔



بھارتی ٹیم کی بیٹنگ کے دوران جب سابق آسٹریلین کپتان اسٹیون اسمتھ فیلڈنگ کے لیے باؤنڈری پر گئے تو بھارتی شائقین نے گزشتہ سال کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کے حوالے سے ان پر جملے کسے۔

اس موقع پر بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے مداخلت کی اور جملے کسنے پر بھارتی شائقین کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسٹیون اسمتھ کے لیے تالیاں بجائیں۔

جب پانی کا وقفہ ہوا تو اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کرنے اور سپورٹ کرنے پر اسٹیون اسمتھ نے کوہلی سے مصافحہ کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔

بعد ازاں میچ ختم ہونے پر بھارتی کپتان نے ناروا سلوک پر آسٹریلوی کرکٹر سے شائقین کی جانب سے معذرت بھی کی۔ کوہلی کا کہنا تھا کہ میں نہیں چاہتا ورلڈ کپ کے دوران بھارتی شائقین کی جانب سے کوئی منفی مثال قائم کی جائے۔



کوہلی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ جو ہونا تھا وہ ہو چکا، اب اسٹیو کرکٹ میں واپسی کے بعد پوری محنت سے کھیل رہے ہیں۔ اگر مجھ سے ایسی غلطی سرزد ہوئی ہوتی تو میں معافی مانگتا لیکن اس کے بعد بھی کوئی مجھے تنقید کا نشانہ بناتا تو مجھے بہت برا لگتا۔

یاد رہے کہ سابق آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ سال 2018 میں بال ٹیمپرنگ پر ایک سال کی پابندی کا سامنا کر چکے ہیں۔

واضح رہے کہ سابق آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ 2018ء کے مارچ میں بال ٹیمپرنگ کے معاملے میں ایک سال کی پابندی کی سزا بھگت چکے ہیں۔