روسی قونصل جنرل نے عمران خان کے سستا تیل بیانیے سے ہوا نکال دی

روسی قونصل جنرل نے عمران خان کے سستا تیل بیانیے سے ہوا نکال دی
روسی قونصل جنرل نے کہا ہے کہ عمران خان حکومت نے سستے تیل کے لئے کوئی خط نہیں لکھا۔

روس کے قونصل جنرل آندرے وکٹرووچ فیڈروف نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان اور انکی حکومت نے رعایتی قیمت پر گیس اور تیل کی فراہمی پر کوئی معاہدہ کیا ہی نہیں تھا. نہ ہی کوئی خط لکھا تھا، جب دوست ملک ایسی ڈیل کرتےہیں تو معاہدہ کیا جاتا ہے۔

روسی قونصل جنرل نے مزید کہا کہ جب دوست کسی ٹيبل پر بيٹھتے ہيں تو اچھے نتائج نکلتے ہيں۔ انہوں نے کہا کہ روس پر لگنے والی پابندیاں پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو بھی متاثر کرسکتی ہیں۔

روس کے قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان کو سستی قیمت پر پیٹرولیم مصنوعات فراہم کرنے کیلئے مذاکرات پر تیار ہیں، دوست آپس ميں بيٹھتے ہيں اور پھر کسی نتيجے يا معاہدے پر پہنچتے ہيں۔

ان کا کہنا ہے کہ اس پر دوستوں کی طرح بات ہونی چاہئے، بزنس پارٹنرز کی طرح نہيں اور ہم تسلیم کرتے ہیں کہ پاکستان ہمارا دوست ہے، ہم اپنے دوستوں کيساتھ ہر قسم کی بات چيت کيلئے تيار ہيں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران آندرے وکٹرووچ فیڈروف نے کہا کہ موجودہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے بھی تیل کی خریداری پر بات کی ہے، مغرب کے دباؤ کے باوجود پاکستان کے ساتھ روس کے تعلقات بہت بہتر ہیں۔

دوسری جانب جانب وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا عندیہ دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں برینٹ آئل کی قیمت میں اضافہ کی وجہ سے تیل مہنگا کرنا پڑا، حالات بہتر ہونے پر پٹرول سستا کریں گے، ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا ہے، تھوڑا صبر کریں شہبازشریف دور میں سب اچھا ہونے والا ہے۔