Get Alerts

'وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا'

'وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا'
اے آر وائی نیوز نے اپنی خبر میں دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بالاخر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جبکہ نئے چیف منسٹر کی تعیناتی کے حوالے سے ایک خصوصی کمیٹی بھی بنا دی گئی ہے۔

وزیراعظم کی ہدایات پر قائم کی گئی کمیٹی پانچ ارکان پر مشتمل ہے جو پنجاب کے اگلے وزیراعلیٰ کے انتخاب پر مشاورت کرے گی۔ یہ کمیٹی مسلم لیگ ق، علیم خان اور جہانگیر ترین گروپس میں سے نئے وزیراعلیٰ کیلئے آپس میں صلاح مشورے کرے گی۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے وزیراعلیٰ پنجاب اور تحریک عدم اعتماد کا معاملہ او آئی سی اجلاس سے پہلے حل کرنے کی مکمل تیاری کر لی ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ او آئی سی اجلاس کے وقت ملک سیاسی بحران کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

ادھر وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت لاہور میں پارٹی کی سینئر قیادت کا اجلاس ہوا جس میں ملک میں جاری سیاسی ہلچل اور تحریک عدم اعتماد سے متعلق مشاورت کی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد سب کا حساب چکتا کر دوں گا۔ اپوزیشن رہنمائوں کو بتائوں گا کہ سیاست کس طرح کی جاتی ہے۔ میرا پلان تیار ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے پتا ہے کہ یہ سب مل کر میرے خلاف کیا کرنے جا رہے ہیں۔ سب ڈرے ہوئے لوگ میرے خلاف اکھٹے ہو چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران اتحادیوں سے ہونے والی ملاقاتوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی اور اتحادیوں کی جانب سے دی گئی یقین دہانیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

سینئر رہنماوں نے بریفنگ میں بتایا کہ اپوزیشن کی تحریک کو ناکام بنائیں گے، اپوزیشن کے کئی ارکان ہمارا ساتھ دیں گے، ہم نےاپنا ہوم ورک مکمل کر لیا ہے، اپوزیشن کو کچھ دن خوش ہولینے دیں، سرپرائزدیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے بھی اس مافیا کا مقابلہ کیا اب بھی کروں گا۔ ایسا پلان تیار کررکھا ہے ان کو سمجھ نہیں آنی۔ اوچھے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والا نہیں ہوں۔ تمام ارکان میرے ساتھ دیں گے، پریشانی کی بات نہیں ہے۔ پنجاب میں پیدا ہونے والےحالات پرقابو پا لیں گے۔