امریکی میگزین ’ٹائم‘ نے سرورق پر بھارتی وزیر اعظم کی تصویر متنازع عنوان کے ساتھ شائع کی ہے، سرورق پر مودی کی تصویر کے ساتھ’’India’s Divider in chief‘‘ یعنی ’’بھارت کا منقسم اعلیٰ‘‘ کے الفاظ تحریر ہیں۔
ٹائم‘ کے سرورق پر موجود شہ سرخی جریدے میں موجود ایک مضمون سے متعلق ہے، جس میں مصنف نے بھارتی سیاست پر اپنے خیالات کااظہار کیا ہے، مضمون کی شہ سرخی بھی دلچسپ ہے جس میں مصنف نے سوال پوچھا ہے کہ کیا دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت مزید پانچ سال مودی حکومت کو برداشت کرے گی؟
مضمون میں سابق بھارتی وزیر اعظم جواہر لعل نہرو کے سیکولر نظریات اور مودی کے نظریات سے موازنہ بھی کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ مودی کے بطور وزیر اعلیٰ گجرات میں ہوئے فسادات کا تذکرہ بھی مضمون کا حصہ ہے۔
بھارت میں ان دنوں لوک سبھا انتخابات کا عمل جاری ہے، ایسے موقع پر میگزین کے متنازع ٹائٹل نے سوشل میڈیا پر بحث چھیڑ دی ہے، جس میں اس عنون پر تنقید کی گئی ہے تو اس کی حمایت میں بھی بہت سے لوگوں نے اظہار خیال کیا ہے۔
اسی شمارے کے ایک اورمضمون میں مودی کی اب تک کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے اُنہیں اقتصادی اصلاحات کے لئے بھارت کی بہترین امید قرار دیا گیا ہے۔