Get Alerts

ٹیلر سوئفٹ ٹائم میگزین کی 2023 کی بہترین شخصیت قرار

ٹائم میگزین سے بات کرتے ہوئے ٹیلر سوئفٹ نے کہا کہ انہیں بہت زیادہ خوشی اور فخر محسوس ہو رہا ہے اور وہ خود کو تخلیقی طور پر زیادہ آزاد اور مکمل تصور کر رہی ہیں۔

ٹیلر سوئفٹ ٹائم میگزین کی 2023 کی بہترین شخصیت قرار

بین الاقوامی شہرت یافتہ امریکی جریدے “ٹائم” نے ٹیلر سوئفٹ کو رواں سال کی بہترین شخصیت قرار دے دیا۔

امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کے لیے 2023 کا سال بہت زیادہ کامیاب ثابت ہوا ہے۔ 33 سالہ گلوکارہ کے Eras ورلڈ ٹور نے کامیابی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے اور دنیا کے سب سے زیادہ سٹریم کیے جانے والے میوزیکل آرٹسٹ بننے کے بعد گلوکارہ نے بدھ کے روز ایک اور اعزاز حاصل کیا  جب معروف امریکی جریدے ٹائم میگزین نے ٹیلر سوئفٹ کو 2023 کی بہترین شخصیت (پرسن آف دی ایئر) قرار دیا۔

1927 سے ہر سال باقاعدگی سے بہترین شخصیت کا انتخاب کرنے والے ٹائم میگزین کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر جریدے کا سرورق پوسٹ کیا گیا ہے جس میں ٹیلر سوئفٹ کی تصویر ہے اور انہیں سال کی بہترین شخصیت قرار دیا گیا ہے۔ 

اس حوالے سے ٹائم میگزین کے ایڈیٹر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ 2023 میں ٹیلر سوئفٹ نے اپنی محنت اور کوشش سے بہت کچھ حاصل کیا۔ اُنہوں نے لوگوں کے خوابوں، احساسات اور تجربات کی توثیق کرنے کا عزم کیا، خاص طور پر خواتین، جنہیں نظر انداز کیا جاتا تھا۔

جریدے سے بات کرتے ہوئے ٹیلر سوئفٹ نے کہا کہ انہیں بہت زیادہ خوشی اور فخر محسوس ہو رہا ہے اور وہ خود کو تخلیقی طور پر زیادہ آزاد اور مکمل تصور کر رہی ہیں۔

رواں سال ٹائم میگزین نے ’پرسن آف دی ایئر‘ کے لیے امریکی گلوکارہ ٹیلر سوفٹ کے علاوہ دیگر 9 امیدواروں کو بھی شارٹ لسٹ کیا تھا جن میں باربی اور ہالی ووڈ کے مشہور اداکار، برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوئم، ڈونلڈ ٹرمپ کے پراسیکیوٹرز، ولادیمیر پوٹن، چینی صدر شی جن پنگ اور مصنفین شامل تھے۔ مگر یہ اعزاز ٹیلر سوئفٹ کے حصے میں آیا۔

اس سے قبل پیپل میگزین نے بھی ٹیلر سوئفٹ کو اسی طرح کے اعزاز سے نوازا تھا جبکہ فوربز نے انہیں میڈیا اور انٹرٹینمنٹ کی طاقتور ترین خاتون قرار دیا تھا۔

اسی طرح دنیا بھر میں Spotify کی سب سے زیادہ سٹریم کی جانے والی آرٹسٹ کا اعزاز بھی ان کے نام رہا تھا۔

ان کے Eras ٹور پر جاری ہونے والی فلم نے بھی دنیا بھر سے 25 کروڑ ڈالرز کے قریب بزنس کیا تھا۔

واضح رہے کہ ٹائم میگزین ہر سال دسمبر کے آغاز میں ’پرسن آف دی ایئر‘ کے اعزاز کا اعلان کرتا ہے۔گزشتہ سال ٹائم میگزین نے یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کو ’پرسن آف دی ایئر‘ کے اعزاز سے نوازا تھا جبکہ سال 2021 میں ایکس کے مالک ایلون مسک کو اس اعزاز سے نوازا تھا۔