ای روزگار پروگرام کا دائرہ کار مزید وسیع کر رہے ہیں، صوبائی وزیر آئی ٹی و ہائر ایجوکیشن

ای روزگار پروگرام کا دائرہ کار مزید وسیع کر رہے ہیں، صوبائی وزیر آئی ٹی و ہائر ایجوکیشن
پنجاب آئی ٹی بورڈ اور یوتھ افیئرز، سپورٹس، آرکیالوجی اور ٹورازم کے مشترکہ پروگرام ای روزگار کے تحت یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں ایک مشترکہ گریجوایشن تقریب منعقد ہوئی، جس میں پنجاب یونیورسٹی، انجینئرنگ یونیورسٹی اور لاہور ویمن یونیورسٹی کے ای روزگار سنٹرزسے گریجویٹ ہونے والے 540 طلبا و طالبات میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے گئے۔

مہمان خصوصی صوبائی وزیر آئی ٹی و ہائرایجوکیشن یاسر ہمایوں نے وائس چانسلر یو ای ٹی پروفیسر ڈاکٹر منصور سرور‘چیئرمین پی آئی ٹی بی اظفر منظور‘ ڈائریکٹر سپورٹس عدنان ارشد، ڈی جی ساجد لطیف‘ ڈائریکٹر سلمان امین اور ڈین خواتین یونیورسٹی شگفتہ ناز کے ہمراہ یو ای ٹی ای روزگار مرکز کا دورہ بھی کیا۔

راجہ یاسر ہمایوں کا کہنا تھا کہ ای روزگار پروگرام کا دائرہ کار صوبہ پنجاب کے دیگر اضلاع تک جلد وسیع کیا جائے گا۔ وائس چانسلر یو ای ٹی ڈاکٹر منصور سرور نے کہا کہ پنجاب کے 30ای روزگار سنٹرز سے تربیت پانے والے 13ہزار فری لانسرز 18کروڑ روپے سے زائدکا زرمبادلہ کما چکے ہیں۔