ملک میں اس وقت شدید سیاسی افراتفری ہے اور ہر کسی کی نظر اسلام آباد پر ہے۔ ایسے میں ہر گزرتے دن کے ساتھ نئی بات خبروں میں ٹرینڈ کرتی ہے۔ اب سینئر صحافی سہیل وڑائچ نے انکشاف کیا ہے کہ اسلام آباد کے مختلف حلقوں میں بات مشہور ہے کہ اگر سیاسی لڑائی شدت اختیار کر گئی تو ایک قومی حکومت قائم کر دی جائے گی۔
وہ لکھتے ہیں کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دو مختلف افواہیں زیر گردش ہیں، ایک تو یہ کہ چند دنوں میں وفاقی کابینہ میں اہم ردوبدل ہونے والا ہے جس سے گورننس میں بہتری لانا مقصود ہے۔
دوسری افواہ یہ ہے کہ اگر حکومت اور اپوزیشن کا ملاکھڑا خطرناک ہو گیا، سیاسی گھڑمس میں اور اضافہ ہوگیا تو پھر عدلیہ کو ایک ریفرنس بھیج کر ایک سال کے لیے عبوری آئینی حکومت قائم کی جا سکتی ہے، یہ حکومت عدلیہ کی زیر نگرانی الیکشن کو شفاف بنانے، عدالتی و انتظامی اور انتخابی اصلاحات کے لئے کام کرے گی۔