Get Alerts

اسلام آباد کی چلتی سڑک پر آدمی نے میرے جسم پر ہاتھ پھیرا: معروف خاتون سائیکلسٹ کی لائیو ویڈیو

اسلام آباد کی چلتی سڑک پر آدمی نے میرے جسم پر ہاتھ پھیرا: معروف خاتون سائیکلسٹ کی لائیو ویڈیو
اسلام آباد: معروف خاتون سائیکلسٹ سمر خان نے بدھ کی شام ٹوئٹر اور فیسبک پر ایک ویڈیو اپلوڈ کی جس میں انہوں نے بتایا کہ کس طرح وفاقی دارالحکومت کی ایک چلتی سڑک پر فیض آباد انٹر چینج کے قریب ایک شخص نے انہیں پکڑ کر، ان کے جسم پر ہاتھ پھیرا اور وہاں سے تیزی سے چلا گیا۔

سمر خان کے مطابق ان کا سڑک کے درمیان لائیو ویڈیو بنانے کا مقصد صرف یہ ہے کہ مجھے آپ نے ہمیشہ سائیکلنگ کو فروغ دیتے ہوئے دیکھا ہوگا، لڑکیوں کی حوصلہ افزائی کرتے دیکھا ہوگا لیکن میں آج کہہ رہی ہوں کہ یہ بہت اچھا اور مثبت کام تو ہے لیکن میں جھوٹ نہیں بولوں گی، یہ محفوظ نہیں ہے۔ آپ کو جنگلی بننا ہے، آپ کو ڈھیٹ بننا ہے۔ اگر آپ سڑک پر ہیں تو آپ کو اس پر ڈٹنا ہوگا۔

میں سائیکلنگ کر رہی تھی، اسلام آباد کی طرف آ رہی تھی، فیض آباد انٹرچینج سے قبل ایک بندا آیا، آفس کانے والا آدمی تھا، مرون قمیض پہن رکھی تھی، پیچھے آفس کا بریف کیس رکھا ہوا تھا، اس نے موٹر سائیکل آہستہ کی، مجھے پیچھے سے پکڑا، باقاعدہ ہاتھ پھیرا، اور بھاگ گیا۔ میں نے اس کا پیچھا کرنے کی کوشش کی، ابھی بھی میں اس کا پیچھا ہی کر رہی تھی لیکن میں سائیکل پر ہوں تو وہ مجھ سے نکل گیا آگے ورنہ میں نے جو اس کے ساتھ کرنا تھا وہ لائیو آ کے کرنا تھا۔

سمر خان نے کہا کہ اس میں نہ تو اسلام آباد کی انتظامیہ کا کوئی قصور ہے اور نہ ہی میں کسی پر الزام لگا رہی ہوں، میرا صرف ایک سوال ہے کہ میرے سپورٹرز اور مداحوں میں زیادہ تر مرد حضرات ہیں، میں آپ پہ غصہ بھی نہیں نکال رہی، مجھے ایک سوال کا جواب دیں اگر کوئی سن رہا ہے اور اس کے دماغ میں گندگی چل رہی ہے کہ دو منٹ سڑک پر کسی لڑکی کو ہاتھ لگا کر کیا مل جاتا ہے آپ کو؟ ٹھنڈ پڑ جاتی ہے؟ آگ بجھ جاتی ہے آپ لوگوں کی؟

https://twitter.com/SKhanAthlete/status/1303729504184135687

اور اگر کوئی بندا ایسا ہوتا ہوا دیکھتا ہے تو اس کو معمول کی بات سمجھتے ہوئے چلا کیوں جاتا ہے؟ تین، چار لوگوں نے یہ ہوتے ہوئے دیکھا، کوئی نہیں رکا، کسی نے نہیں روکا، سب چلے گئے، آپ نے اسے روکا کیوں نہیں؟ آپ مرد ہیں۔ ہم خواتین کو پھر آپ کہتے ہیں کہ MeToo کی ساری تحریک ایک ڈرامہ ہے۔ آپ میں سے زیادہ تر برے نہیں ہوں گے، میں مردوں کے خلاف نفرت نہیں پھیلا رہی۔ میں پوچھ رہی ہوں کہ جو کر رہے ہیں، وہ کیوں کر رہے ہیں؟ اور آپ اسے روک کیوں نہیں رہے؟ یا تو پھر اتنا elite class ہو کے کرتے ہوں گے کہ برا ہی نہیں لگتا ہوگا جیسے نعمان اعجاز نے حالیہ انٹرویو میں کہا۔

سمر خان کی یہ بات کرتے ہوئے آواز رندھ گئی اور انہوں نے کہا کہ میں آئندہ جو بھی کروں گی موقع پر کروں گی جب بھی موقع ملا، لائیو ویڈیو بناؤں گی اور میں دیگر خواتین کو بھی کہتی ہوں کہ ایسے بے شرم لوگوں کو عبرت کا نشان بنائیں