سندھ: ایک دن میں عالمی اوسط سے بھی زیادہ کرونا کیسز سامنے آگئے،پاکستان میں کل 78 اموات

سندھ: ایک دن میں عالمی اوسط سے بھی زیادہ کرونا کیسز سامنے آگئے،پاکستان میں کل 78 اموات

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا ویڈیو پیغام سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا ہے سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دنیا کی اوسط شرح سے زیادہ کورونا کیسز رپورٹ ہوئے جو انتہائی تشویشناک ہے۔ مراد علی شاہ نے اپنے ویڈیو بیان میں بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 104 کورونا کے کیسز آئے ہیں جو مجموعی ٹیسٹ کا 20 فیصد ہیں، یہ دنیا کی سب سے زیادہ اوسط ہے جو کہ تشویش کا باعث ہے۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 531 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 104 یعنی 20 فیصد مثبت آئے، یہ بات انتہائی تشویش ناک ہے کہ آج کورونا کے سب سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں۔


مراد علی شاہ نے کاہ کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے باعث 6 اموات ہوئی ہیں جوکہ زیادہ ہیں اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ صورتحال خراب ہو رہی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ صورتحال خراب ہونے کی وجہ لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل درآمد نہ ہونا ہے ، اس لاک ڈاؤن پر جب تک سختی سے عمل ہو رہا تھا تو صورتحال بہتر تھی۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ملیر میں لاک ڈاؤن کافی کمزور تھا جس کو آج مزید سخت کرنے کی ہدایت دی ہے۔.

دوسری جانب کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق پاکستان میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 78 ہوگئی جب کہ مزید نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4897 تک پہنچ گئی ہے۔

ملک بھر میں اب تک ہونے والی 78 ہلاکتوں میں سے سندھ میں سب سے زیادہ 28 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ خیبرپختونخوا میں 25 اور  پنجاب میں 19 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں 3 ، بلوچستان 2 اور اسلام آباد میں ایک ہلاکت ہوئی ہے