وزیر داخلہ کا اپوزیشن کو مفت مشورہ: ' اب مقامی سیاست کی گنجائش نہیں خطے میں بین الاقوامی سیاست ہونے جا رہی ہے'

وزیر داخلہ کا اپوزیشن کو مفت مشورہ: ' اب مقامی سیاست کی گنجائش نہیں خطے میں بین الاقوامی سیاست ہونے جا رہی ہے'
وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے  کہ  اپوزیشن کے لیئے میرا مفت مشورہ ہے کہ اس خطے میں بین الاقوامی سیاست ہونے جارہی ہے یہاں مقامی سیاست کی گنجائش نہیں ہے، بات جلسے جلوسوں سے آگے بڑھنے والی ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس ملک کی معیشت کا کھڑا ہونا اور دنیا میں ان اصولوں پر زندہ رہنا کہ نہ اپنی سرزمین کسی کو دیں گے نہ اس پر کسی کو مداخلت کرنے دیں گے، یہ وہ نعرہ ہے جو عمران خان نے لگایا جس میں امتحان کے علاوہ پابندیاں اور دشواریاں ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو جس دن سے پیدا ہوا وہ عدم اعتماد پر چل رہا ہے اسے کچھ سمجھ ہی نہیں آرہی۔شیخ رشید نے کہا کہ یہ تو کہہ رہے تھے کہ گزشتہ دسمبر میں حکومت چلی جائے گی لیکن اگلے دسمبر میں بھی آپ آئیں گے اور اگلے بجٹ میں بھی عمران خان کو پائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا جو دل کرتا ہے وہ کرلے، میں اپوزیشن کو یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ہاتھ آسمان پر لے جاؤ، پاؤں زمین پر لے آؤ، خلا میں لٹکو لیکن عمران خان ٹکا کر 5 سال کی مدت مکمل کرے گا. وزیر داخلہ نے اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ آپ آئین اور جمہوریت کے دائرے میں رہتے ہوئے جو سرگرمی کرنا چاہیں اس کی اجازت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلحہ لائسنس کی اجازت ملنے کے بعد کسی غلط فہمی کا شکار نہ ہوں جائیں یہ پچھلا دور نہیں ہے کہ ایک لاکھ ممنوعہ اسلحہ جاری ہوگیا، اس میں قواعد و ضوابط، ٹیکس کی ادائیگی اور افراد کے معیار کو دیکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہر کسی کو کلاشنکوف چاہیے جب تک میں وزیر داخلہ ہوں صرف میرٹ پر کلاشنکوف کی اجازت دوں گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی فورسز سرحد پر چوکس ہیں، ملک کے اندر خلفشار انتشار پیدا کرنے کی سازش کی جارہی ہے جس کی وجہ سے دہشت گردی کے واقعات کا خطرہ ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے نادرا سے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ لینے کے لیے روزانہ 2 لاکھ افراد آرہے ہیں میری درخواست ہے کہ ایک لاکھ افراد آئیں۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت وزیر داخلہ میرے پاس بارڈر مینجمنٹ ہے، بارڈر سے کوئی مہاجر نہیں آرہا، سب صورتحال ٹھیک ہے۔