لاہور: مسلم لیگ نواز کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ حکومتی وزرا رابطے کر رہے ہیں لیکن میں نے ان میں سے کسی کو جواب دینا مناسب نہیں سمجھا۔
جاتی امرا میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم کا کہنا تھا کہ اس سلیکٹڈ حکومت کو اب گھر جانا ہوگا، یہ بار بار مذاکرات کی پیشکش کر رہے ہیں، لیکن ہم ان سے کوئی مذاکرات نہیں کرنا چاہتے۔
اس سے قبل آج بلاول بھٹو زرداری پیپلز پارٹی کے وفد کے ہمراہ جاتی امرا پہنچے جہاں انہوں نے مریم نواز سے ملاقات کی اور ان کی دادی کے لئے دعائے مغفرت بھی کی۔
اس اہم ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اسمبلیوں سے استعفوں اور لاہور جلسے سمیت اہم معاملات پر گفتگو اور مشاورت کی۔ ملاقات کے بعد بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز نے مشترکہ نیوز کانفرنس بھی کی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کو سیاست میں مداخلت بند کرنی ہوگی۔ اسٹیبلشمنٹ اس جعلی حکومت کو کھڑا کرنے کا سلسلہ بند کرے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ لوگوں کو لاپتہ کرنے کا سلسلہ ختم کرے اور میڈیا کی آواز نہ دبائے۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کی ہوائیاں اڑی ہوئی ہیں، ہم تو کہتے ہیں ہمارے راستے سے ہٹ جاؤ اور گھر جانا جلدی کر لو۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کا مقابلہ تو کرسیوں، ٹینٹ، میوزک سسٹم والوں اور بٹ کڑاہی سے ہے۔
بلاول نے وزیر اعظم عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان منہ پر ہاتھ پھیر کر کہتا تھا میں ان کو دیکھ لوں گا، اب وہ کہتا ہے مجھ سے مذاکرات کر لو، عمران خان قوم کا فیصلہ نہیں مان رہا، PDM اب عمران خان اور اس کے یہ ووٹ چور حکومت ہے، ان سے کسی قسم کی بات چیت نہ پہلے ہونی چاہیے تھی اور نہ اب ہونی چاہیے۔
مریم نواز نے کہا کہ ہم عمران نیازی کی طرح بزدل نہیں، ہم نے جیلیں برداشت کی ہیں، عمران نیازی کو حکومت جاتی نظر آنے پر پارلیمنٹ میں مذاکرات یاد آ گئے، لیکن اب NRO نہیں ملے گا۔