وزیراعظم نے وزارت خزانہ کے حکام اور مذاکراتی کمیٹی کی بریفنگ کے بعد سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دے دی تاہم یہ منظوری کابینہ سے بھی لی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق تنخواہوں میں اضافے کی منظوری کابینہ سے سرکولیشن سمری کے ذریعے لی جائے گی جس کے بعد تنخواہوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا
معاہدے میں لکھا گیا ہے کہ یکم مارچ 2021 سے تنخواہ میں 25فیصد ایڈہاک اضافہ ہوگا جو کہ یکم جولائی سےبنیادی تنخواہ میں ضم ہوگا۔
معاہدے کے مطابق تنخواہوں میں اضافہ گریڈ ایک سے 19کے ملازمین کیلئے ہوگا اور یہ صرف اضافی الاؤنسز نہ لینے والے ملازمین کیلئے ہے۔
اس کے علاوہ وزارت خزانہ نچلے اسکیل کے ملازمین کی اسکیل پروموشن اور اپ گریڈیشن کے لیے کام کرے گی۔
گزشتہ روز اسلام آباد میں سرکاری ملازمین نے تنخواہوں میں اضافے کے لیے احتجاج کیا اور پارلیمنٹ ہاؤس کی طرف مارچ کی کوشش کی جس پر پولیس نے ملازمین پر آنسو گیس اور لاٹھی چارج کرکے متعدد افراد کو گرفتار کرلیا۔