ملک بھر میں کرونا وائرس کی ٹیسٹنگ میں 56 فیصد کمی، یومیہ ٹیسٹنگ 24 ہزار 496 پر آ گئی

ملک بھر میں کرونا وائرس کی ٹیسٹنگ میں 56 فیصد کمی، یومیہ ٹیسٹنگ 24 ہزار 496 پر آ گئی
ملک بھر میں کرونا وائرس کی ٹیسٹنگ میں 56 فیصد کمی واقع ہوئی ہے اور یومیہ ٹیسٹنگ 43 ہزار 636 سے کم ہو کر 24 ہزار 496 پر آگئی ہے۔

وفاقی محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں یومیہ ٹیسٹنگ کی صلاحیت 16 ہزار 470 ہے جو کہ کم ہو کر 7 ہزار 745 پر آچکی ہے۔ سندھ میں یومیہ ٹیسٹنگ کی صلاحیت 13 ہزار 900 ہے جو کہ کم ہو کر 10 ہزار 669 ہوگئی ہے۔

خیبرپختونخوا میں یومیہ ٹیسٹنگ کی صلاحیت 2 ہزار 910 ہے لیکن وہاں بھی یومیہ ٹیسٹنگ کم ہو کر ایک ہزار 829 پر آچکی ہے۔ بلوچستان میں یومیہ ٹیسٹنگ کی صلاحیت 2 ہزار 200 سے کم ہو کر صرف 243 ٹیسٹوں پر آچکی ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یومیہ ٹیسٹنگ کی صلاحیت 7 ہزار 400 ہے جو کہ اب 3 ہزار 631 پر آچکی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق گلگت بلتستان میں یومیہ ٹیسٹنگ کی صلاحیت 360 سے کم ہو کر 53 پر آچکی ہے جب کہ آزاد جموں کشمیر میں یومیہ ٹیسٹنگ کی صلاحیت 376 سے کم ہو کر 326 پر آگئی ہے۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 46 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ 5 ہزار 123 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ پنجاب اور کراچی میں کرونا کے کیسز میں کمی رپورٹ کی گئی ہے، تاہم پنجاب میں کم کیسز کی ایک وجہ علامات کے بغیر ٹیسٹوں میں کمی بھی بتائی گئی ہے۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کے مطابق عالمی ادارہ صحت کی نئی گائیڈ لائن جاری ہونے کے بعد علامات کے بغیر کرونا ٹیسٹ کرنا بند کر دیے ہیں جس کے بعد مریضوں میں واضح کمی سامنے آئی ہے۔