قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کرونا میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق وہ بار بار کرونا کا ٹیسٹ کرا رہے تھے اور اب انکاکرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ انھوں نے لاہور ماڈل ٹاؤن رہائش گاہ پر اپنے آپ کو قرنطینہ کر لیا ہے اور ڈاکٹروں کی ہدایات پر عمل کر رہے ہیں۔
یاد ہے کہ نیب نے دو دن قبل شہباز شریف کو تفتیش کے لیے بلایا تھا اور اس موقع پر پارٹی کارکنان کی بڑی تعداد بھی نیب دفتر کے باہرموجود رہی۔
پارٹی ترجمان کا کہنا تھا کہ نیب کو متعدد بار آگاہ کیا گیا تھا کہ شہباز شریف کینسر کے مرض میں مبتلا رہے ہیں اور ان کی قوت مدافعت عام لوگوں کی نسبت کم ہے یہاں تک کہ ویڈیو لنک پر تفتیش کرنے کی پیشکش کی گئی تھی جسے نہ مانا گیا۔
ترجمان کے مطابق شہباز شریف کی 9 جون کو نیب کی پیشی کے علاوہ نہ کسی سے ملاقات ہوئی اور نہ ہی وہ کہیں اور گئے ہیں۔
پارٹی ترجمان نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ شہباز شریف کو ان حالات میں نیب میں طلب کر کے ان کی زندگی کو خطرے میں ڈالا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ اگر شہباز شریف کو کچھ ہوا تو عمران خان اور نیب ذمہ دار ہوں گے.