Get Alerts

بڑھتے کیسز تشویش ناک: جمعہ سے سخت لاک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ

بڑھتے کیسز تشویش ناک: جمعہ سے سخت لاک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ

 آزاد کشمیر کے حکام نے دارالحکومت مظفرآباد میں کرونا وائرس کے تیزی سے بڑھتے کیسز کے پیش نظر 12 جون سے ایک ہفتے کے لیے مکمل لاک ڈاون کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔


حکام کے مطابق دارالحکومت مظفرآباد میں اب تک 205 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی جو آزاد کشمیر  میں کسی بھی ضلع میں سب سے  بڑی تعداد ہے۔


ڈپٹی کمشنر مظفرآباد کی جانب سے جاری ہونے والے حکمنامہ کے مطابق جمعہ کے روز سے شروع ہونے والے لاک ڈاون کے دوران ہر قسم کی ٹرانسپورٹ مکمل بند رہی گی جبکہ کسی بھی شخص کو بغیر کسی ضرورت کے باہر آنے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔


 حکمنامے کے مطابق میڈیکل سٹورز، سبزی ،بیکری، فروٹ ،دودھ و دہی کی دکانیں ہفتے سے لیکر جمعے تک صبح 8 سے شام 4 بجے تک جبکہ کریانہ، ایل پی جی کی دکانیں صرف ہفتے میں دو دن یعنی اتوار اور بدھ کو کھلیں گی۔


حکام کے مطابق گوشت، مرغی اور مچھلی کی دکانیں ہفتے میں دو دن یعنی ہفتہ اور جمعرات کھلی رہیں گی جس بنا پر انتظامیہ نے تاجروں اور دیگر شہریوں کو پابند کیا ہے کہ وہ گھر میں محدود رہیں اگر گھر سے باہر نکلیں تو محکمہ صحت کے بتائے گے ضابطہ اخلاق کا خیال رکھیں۔