Get Alerts

آسٹریلوی صحافی کا لاہور ائیرپورٹ پر رشوت کے مطالبے کا انکشاف، وزیراعظم ہاؤس کا نوٹس

آسٹریلوی صحافی کا لاہور ائیرپورٹ پر رشوت کے مطالبے کا انکشاف، وزیراعظم ہاؤس کا نوٹس
پی ایس ایل کی کوریج کے لیےآسٹریلیا سے پاکستان آنے والے صحافی ڈینس فریڈمین کا لاہور ائیر پورٹ پر کرپشن کا انکشاف، صحافی کا کہنا ہے کہ اہلکاروں نے مجھ سے رشوت مانگی ہے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ڈینس نے اپنی ایک ویڈیو ٹوئٹ کی ہے جس میں انہوں نے سب سے پہلے یہ بتایا کہ وہ پاکستان سے واپس آسٹریلیا پہنچ گئے ہیں۔ اس کے بعد اپنی گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے لاہور ائیرپورٹ پر پیش آنے والے واقعے کے بارے میں بتایا۔

صحافی ڈینس کا کہنا ہے کہ لاہور ائیرپورٹ پر واپسی کے لیے جب میں امیگریشن حکام کے پاس پہنچا تو مجھے ایک طرف آنے کو کہا گیا۔ جب میں اہلکاروں کے ساتھ گیا تو انہوں نے میرے کاغذات چیک کیے، میرا سامان مجھ سے دور لے گئے اور پھر مجھ سے رقم کا مطالبہ کیا۔ 

صحافی نے بتایا کہ انہوں نے امیگریشن اہلکاروں کو جواب دیا کہ میرے پاس پیسے نہیں ہیں تو اہلکاروں نے کہا کہ امریکی ڈالر یا کوئی بھی دوسری کرنسی ہے تو وہ دے دو۔

ڈینس نے مزید کہا کہ میں نہیں چاہتا کہ ان اہلکاروں کو نوکری سے نکالا جائے لیکن ان کو تربیت کی ضرورت ہے۔



دوسری جانب وزیراعظم ہاؤس کی ہدایت پر کارروئی کرتے ہوئے سی اے اے نے آسٹریلوی صحافی ڈینس فریڈمین سے رشوت لینے والے ایئرپورٹ اہلکار کو گرفتار کر لیا ہے۔ وی آئی پی لاؤنج میں تعینات اہلکار عمران مظفر نے آسڑیلوی صحافی سے رشوت لی، عمران مظفر کی شناخت سی سی ٹی وی فوٹیج سے کی گئی۔

واضح رہے کہ اس قبل پاکستان میں "بلڈی گورا” کے نام سے مشہور آسٹریلوی صحافی ڈینس نے ایک ویڈیو پیغام میں سٹیڈیم کے اندر پیش آنے والا واقعہ بیان کیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ ایک شخصیت آئی جس کے ساتھ بہت سے فوجی جوان اس کو پروٹوکول دینے کیلئے موجود تھے، وہ شخصیت سٹیڈیم کے ہائی سکیورٹی زون میں آئی لیکن اس کے باوجود اس کے ساتھ اتنا بڑا پروٹوکول کس لیے تھا؟

ڈینس کے مطابق اس شخصیت نے پتا نہیں کیا دکھانے کیلئے سٹیڈیم کے اندر چکر لگایا جبکہ اس کے پیچھے 40 سے 50 سکیورٹی اہلکار موجود تھے۔ پاکستانیوں کو اس بارے میں سوچنا چاہیے۔