Get Alerts

کوئٹہ سے پشاور جانے والی ٹرین پر فائرنگ، ڈرائیور شدید زخمی، مسافر یرغمال

فورسز نے بلوچستان سے کئی دہشتگردوں کو گرفتار کرکے ان کے منصوبے ناکام بھی بنائے ہیں،مچھ کی پہاڑیوں کے درمیان مسلح افراد نے حملہ کیا، جعفر ایکسپریس وہیں روک دی اور ٹرین پر قبضہ کرلیاجبکہ ٹرین میں 450سے 500 کی تعداد میں مسافر سوار ہیں ،ایمبولینسز کو جائے وقوعہ کی جانب روانہ کردیا گیا ہے جبکہ سبی اسپتال میں ایمرجنسی بھی نافذ کردی گئی ہے، ترجمان بلوچستان حکومت

کوئٹہ سے پشاور جانے والی ٹرین پر فائرنگ، ڈرائیور شدید زخمی، مسافر یرغمال

کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس کے باعث ڈرائیور زخمی ہوگیا، دہشت گردوں نے مچھ کی پہاڑیوں میں ٹرین روک دی جب کہ مسافروں کو یرغمال بنانے کی اطلاعات ہیں۔

نیا دور  کے مطابق آج صبح ساڑھے نو بجے ٹرین کوئٹہ سے روانہ ہوئی، جب ٹرین گڈالار اور پیرو کنری کے علاقے سے گزری تو وہاں نامعلوم مسلح افراد نے ٹرین پر فائرنگ کردی، نتیجے میں ڈرائیور شدید زخمی ہوگیا، مسافر ڈرے سہمے ہوئے ہیں جب کہ علاقے میں اب بھی فائرنگ کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔

عینی شاہدین اور لیویز ذرائع کے مطابق مچھ کی پہاڑیوں کے درمیان یہ واقعہ پیش آیا ہے، جہاں جعفر ایکسپریس کو روک دیا گیا ہے اور مزید فائرنگ کی آوازیں آرہی ہیں۔

ریلوے پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریل وہیں روک دی گئی ہے، ٹرین میں کم از کم 450سے 500 مسافر سوار ہیں، کئی مسافروں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں تاہم تصدیق کا عمل جاری ہے۔

ڈی ایس ریلوے کے پی آر او کے مطابق تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، سبی سے ایمبولینسز جائے وقوع روانہ کردی ہیں۔سیکیورٹی فورسز کے ذرائع کے مطابق یہ مچھ کی پہاڑیوں کا درمیانی علاقہ ہے جس کا سیکیورٹی فورسز نے محاصرہ کرلیا ہے، مزید کانوائے روانہ کردیے گیے ہیں۔

ملزمان کے فرار ہونے کی فی الحال کوئی اطلاعات نہیں ہیں بلکہ اطلاعات یہ آرہی ہیں کہ ملزمان نے مسافروں کو یرغمال بنالیا ہے اور قابض ہوکر بیٹھ گئے ہیں اور علاقے میں وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق ریلوے لائن کو پہلے دھماکا خیز مواد سے تباہ کرکے ٹرین کو روکا گیا پھر فائرنگ کی گئی جس میں ڈرائیور سمیت کئی مسافر شدید زخمی ہوئے، فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے، جتنے مسافر زخمی ہیں انہیں سبی منتقلی کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔