11 نومبر کو لاہور سے ویڈیو لنک سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے اگلے آرمی چیف کی تقرری میرٹ پر ہونی چاہئیے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف اس کو آرمی چیف لگانا چاہتے ہیں جو ان کی چوری بچانے میں ان کی مدد کرے۔
عمران خان نے کہا کہ نواز شریف جنرل مشرف سے معاہدہ کر کے ملک سے باہر گئے۔ وزیراعظم شہباز شریف لندن میں اس شخص سے ملتے ہیں جو جھوٹ بول کر باہر گیا۔ نواز شریف کو جے آئی ٹی سے سزا ملی تھی اور جو سزا یافتہ ہو وہ اب ملک کے فیصلے کرے گا؟ ان کا مزید کہنا تھا کہ شہباز شریف کو بھی ایف آئی اے سے سزا ملنے والی تھی مگر ان کو وزیراعظم بنا دیا گیا اور اس کے ساتھ ہی دو ماہ کے اندر ان کے کیسز کے سارے گواہ مر گئے۔
عمران خان نے کہا کہ ان کے دور میں انہوں نے این آر او کے لئے تین لانگ مارچ کیے۔ ان کا مقصد اقتدار میں آ کر صرف اپنی کرپشن کے کیسز ختم کروانا تھا۔ اس لیے انہوں نے اقتدار میں آتے ہی 1100 ارب روپے کے کیسز ختم کروا کر ملک کی تباہی پھیر دی۔
تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ وہ ملک کے سابق وزیراعظم ہونے کے باوجود ایک ایف آئی آر درج نہیں کروا سکتے کیوں کہ ان کے سامنے طاقتور کھڑا ہے اور پاکستان میں طاقتور جیل نہیں جاتا بلکہ ان کے ساتھ ڈیل کی جاتی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ میں دو سال تک الیکشن میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کے لیے کوشش کرتا رہا ہوں کیونکہ اس سے الیکشن میں دھاندلی ختم ہو جاتی۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر ای وی ایم نہیں آنے دی کیوں کہ الیکشن کمیشن ان کے گھر کا نوکر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ کبھی بھی میرٹ پر کوئی کام نہیں کرتی۔ عمران خان نے کہا کہ جو میرٹ پر آئے اس کو آرمی چیف بننا چاہئیے لیکن نواز شریف اس کو آرمی چیف بنانا چاہتے ہیں جو ان کی چوری بچانے میں ان کی مدد کرے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف ہر اس آدمی کو اوپر لے کر آتے ہیں جس سے ان کو فائدہ ملے۔
عمران خان نے کہا کہ یہ لوگ اپنا چوری کا پیسہ بچانے کے لئے اداروں کو کنٹرول کرتے ہیں اس لیے انہوں نے نیب پر بھی اپنا آدمی بٹھایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی باضمیر آدمی ان کے ساتھ کھڑا نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے ایف آئی اے کا قانون بدل کر اس کو کمزور کر دیا ہے اور جس کی بدولت ہمیں تنگ کر رہے ہیں۔
اپنے اوپر قاتلانہ حملے پر تبصرہ کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں گولیاں لگنے کے بعد ڈر جاؤں گا، اعظم سواتی جیسا بزرگ آدمی بھی ویڈیو سے ڈر جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ارشد شریف کے قتل کی وجہ سے ہم سب صدمے میں ہیں اور ارشد شریف نے ایسا کیا جرم کیا تھا جس پہ ان کو مار دیا گیا؟