مویشیوں، اشیائے خورد و نوش کی صوبے سے باہر ترسیل بند، غیر مصدقہ اجازت نامے منسوخ
قابل برآمد اشیاء کے خلاف بھی اقدامات، ٹماٹر کے 115 روپے فی کلو نرخ سمگلنگ کی تصدیق ہے، نگراں وزیراعلیٰ
نگراں وزیراعلیٰ دوست محمد خان نے مویشیوں اور ناقابل برآمد دیگر اشیاء کی صوبے سے باہر ترسیل پہ فوری پابندی عائد کی ہے. انہوں نے قابل برآمد اشیاء کی سمگلنگ کے خلاف بھی اقدامات اُٹھانے اور غیر مصدقہ و مستند اجازت نامے منسوخ کرنےکی ہدایت کی ہے، جبکہ غیر مجاز راستوں سے اشیاء کی صوبے سے باہر ترسیل پر بھی پابندی کے احکامات جاری کیے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو زندگی گزارنے کا مناسب ماحول دینا، مناسب قیمت پر اشیائے ضروریہ اور سہولت کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے، مصنوعی قلت آئین کی خلاف ورزی اور قابل مذمت فعل ہے کیونکہ اس کی وجہ سے عام آدمی کو مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ نگران وزیر اعلیٰ نےمویشیوں کی صوبے سے ترسیل پر فوری پابندی کا فیصلہ کیا اور ہدایت کی کہ پولیس اور ایف سی مشترکہ چیک پوائنٹس قائم کریں اور مویشیوں کی افغانستان منتقلی کو روکیں، عیدالاضحیٰ کے دن قریب ہیں اور مارکیٹ میں مقامی لوگوں کو جانورخریدنے کے سلسلے میں بڑی تکلیف کا سامنا ہے۔ نگراں وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا ہے کہ اربوں روپے خرچ کرنے کے باوجود عوام کو رلیف نہیں ملتا تو یہ ناانصافی ہے اور یہ کہ سمگلنگ کی روک تھا م کے لئے ہر حد تک جائیں گے۔
انتخابات میں مبینہ دھاندلی، متحدہ اپوزیشن کا پشاور میں الیکشن کمیشن کے سامنے دھرنا
متحدہ اپوزیشن الائنس کے زیر اہتمام مبینہ دھاندلی کے خلاف صوبائی الیکشن کمیشن آفس پشاور کے سامنے بھر پور احتجاج کیا گیا اور مرکزی و صوبائی الیکشن کمشنرز سے فوری طور پر مستعفی ہونے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ اس موقع پر پشاور کے تمام حلقوں سے متحدہ مجلس عمل، جے یو آئی، جماعت اسلامی، پی پی پی، اے این پی، قومی وطن پارٹی، مسلم لیگ ن اور دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین کی قیادت میں کارکنان نے الیکشن کمیشن آفس کی طرف مارچ کیا اور ورسک روڈ چوک کو ٹریفک کے لئے کئی گھنٹوں تک بند رکھا۔ مظاہرین سے پارٹی قائدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کے نام پر ہونے والی سلیکشن اور منظّم دھاندلی کو مستر کرتے ہیں. مولانا گل نصیب نے کہا کہ الیکشن میں ملکی ادارے استعمال ہوئے ہیں اور آج سپریم کورٹ کی طرف سے دوبارہ گنتی کو روکنے کا فیصلہ آزاد عدلیہ پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے نام پر جعلی مینڈیٹ کی پشت پناہی کرنے والے اپنے گھناؤنے کردار پر نظر ثانی کریں کیونکہ عوام کی رائے پر ڈاکہ مارا گیا ہے اور جعلی حکومت عوامی مسائل حل نہیں کر سکتی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ نہ جعلی الیکشن مانے ہیں اور نہ ہی جعلی حکومتیں وزیراعظم ماننے کو تیار ہیں۔ ٹریفک جام کی وجہ سے سخت گرمی میں عوام رل گئے۔
نوشہرہ میں پولیو ٹیم یرغمال، پولیس چھاپے کے بعد بازیاب، ملزم گرفتار
نوشہرہ کے علاقہ حمزہ رشکہ میں خواتین پر مشتمل پولیو ٹیم کو یرغمال بنا لیا گیا. پولیس نے چھاپہ مار کر ملز م کو گرفتار کر لیا۔ اس سلسلے میں آر ایچ سی خویشگی کےانچارج ڈاکٹر سلمان گوہر نے تھانہ رسالپور کو اطلاع دی کہ علاقہ حمزہ رشکئی میں خواتین پولیو ویکسینیشن ٹیم کو یوسف خان نے یرغما ل بنا رکھا ہے. واقعے کے خلاف پولیس نے موقع پر کاروائی کرتے ہوئے خواتین کو بازیاب کرا لیا۔ اس موقع پر آر ایچ سی خویشگی کے سٹاف نے اور پولیو ورکرز نے شدید احتجاج بھی کر کے پولیو مہم چلانےسے انکار کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر مجتبیٰ پولیو ورکرز کو تحفظ دلانے میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں، مزید یہ کہ عرصہ دراز سے نوشہرہ میں تعینات اور خواتین پولیو ورکرز کو ہراساں کرنے میں ان کا بڑا کردار ہے۔ مظاہرین نے احتجاج کے دواران میڈیا کو بتایا کہ پولیو ورکرز کے لئے آنے والے سہولیا ت ڈاکٹر خود ہڑپ کرنے میں لگا ہے اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والی خواتین پولیو ورکرز کے پیسوں پر بھی سانپ بن کر بیٹھا ہوا ہے۔ پولیس نے گرفتار ملزم کے خلاف ایف آئی درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔
پشاور، مردان، ایبٹ آباد، ہری پور سمیت 20 اضلاع کانگو، ڈینگی وائرس کے لئے حساس قرار
ڈینگی وائرس کے پیش نظر 12 اضلاع کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے اور مجموعی طور پر اب تک خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں 22 مریض ہسپتالوں کو لائے جا چکے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ عیدالاضحیٰ کے دن قریب آتے ہی کانگو وائرس کے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔ اس حوالے سے محکمہ لائیو سٹاک منڈیوں میں جانوروں پر سپرے بھی کر رہے ہیں لیکن ان حفاظتی تدابیر کے باجود بھی گذشتہ سال 12 افراد کانگو وائرس کی وجہ سے جاں بحق ہوئےتھے۔ کانگو وائرس کے صوبے میں پھیلنے کے خدشات کے پیش نظر محکمہ صحت، لائیوسٹاک سمیت تمام محکموں کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
طلبہ طالبات کے لئے آن لائن ڈی ایم سی نظام مکمل طور پر ناکام
موبائل فونز فرنچائز نے ثانوی و اعلیٰ تعلیمی بورڈ پشاور کے زیر انتظام ہونے ولے انٹر امتحانات کے حالیہ نتائج کی آن لائن ڈی ایم سیز کی فراہمی کے لئے فیسیں وصول کرنے سے انکار کیا ہے. نئے سسٹم پر لاکھوں روپے خرچ کرنے کے باوجود بھی طلبہ طالبات شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ ثانوی و اعلیٰ تعلیمی بورڈ پشاور کی انتظامیہ نے میڑک اور انٹر امتحانات کے نتائج آن لائن جاری کرنے کا نظام رائج کرنے کا دعویٰ کیا تھا جس کے لئے تعلیمی بورڈ کی ویب سائٹ کے ساتھ ساتھ موبائل کمپنیوں کے فرنچائز کے ساتھ ایک معاہدہ کیا گیا تھا جس کی روشنی میں امتحانات میں حصہ لینے والے طلبہ و طالبات کے نتائج کے لئے ساٹھ روپے فیس مقرر کی گئی تھی جومتعلقہ فرنچائز میں جمع کرنے کے بعد موبائل ایس ایم ایس کے ذریعے آن لائن ڈی ایم سی وصول کر سکتے ہیں۔ اس حوالے سے طلبہ و طالبات کے والدین نے نگراں وزیر اعلیٰ دوست محمد خان سے تعلیمی بورڈ کے اس روئیے کے خلاف نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نتائج کو ایک ہفتہ مکمل ہونے کو ہے لیکن اب تک ڈی ایم سیز نہ مل سکے۔