Get Alerts

حلقہ این اے 245: پیپلز پارٹی نے ایم کیو ایم کے حق میں اپنا امیدوار دستبردار کرا لیا

حلقہ این اے 245: پیپلز پارٹی نے ایم کیو ایم کے حق میں اپنا امیدوار دستبردار کرا لیا
پاکستان پیپلز پارٹی نے حلقہ این اے 245 سے اپنا امیدوار دانش خان کو ایم کیو ایم کے حق میں دستبردار کر لیا ہے۔

وزیر محنت وافرادی قوت سندھ و صدر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے اپنے ویڈیو بیان میں اس بات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت میں شامل تمام حلیف جماعتوں کی جانب سے مشترکہ فیصلہ کے بعد پیپلز پارٹی نے اپنے امیدوار کو دستبردار کیا ہے۔

سعید غنی نے کہا کہ وفاقی حکومت میں شامل حلیف جماعتوں نے اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ ضمنی انتخابات میں جن جن حلقوں میں دوسری پوزیشن جس جس پارٹی نے حاصل کی ہے وہ انتخابات میں حصہ لیں گی بقیہ حلیف جماعتیں اس امیدوار کی مکمل سپورٹ کریں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے کے بعد پیپلز پارٹی نے این اے 245 سے اپنے امیدوار دانش خان کو دستبردار کیا ہے۔ 28 اگست کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں اس فیصلے کا کوئی اطلاق نہیں ہوگا اور اس میں تمام جماعتیں اپنے اپنے امیدواروں کے ساتھ میدان میں رہیں گی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے امیدوار دانش خان کا کہنا تھا کہ پارٹی کی اعلی قیادت کے فیصلے کو لبیک کہتا ہوں۔ ایک ماہ قبل جب پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی تو غیر مشروط کی تھی اور جب پارٹی کی قیادت نے ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کا کہا تو اس پر بھی لبیک کہا اور اب پارٹی کی اعلٰی قیادت کی ہدایات پر الیکشن سے اپنا نام واپس لے رہا ہوں۔