لاہور میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر حملہ کرنے کے بعد وکلا نے سوشل میڈیا پر پنجاب پولیس کو بھی دھمکیاں دینا شروع کر دیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر ’ینگ لائرز پنجاب آفیشل‘ نامی ایک فیس بک پیج پر پنجاب پولیس کے لیے ایک دھمکی آمیز پوسٹ کی گئی ہے۔ پوسٹ میں لکھا ہے کہ ہمیں گرفتار تو کر لیا، کل پیش تو عدالت میں ہی کرنا ہے نا، پنجاب پولیس اپنی خیر مناؤ۔
اس سے قبل وکلا نے عدالتوں میں میڈیا کے داخلے پر پابندی کی دھمکی بھی دی۔ جنرل سیکریٹری اسلام آباد ہائیکورٹ بار عمیر بلوچ کا کہنا تھا کہ میڈیا لاہور واقعے میں زخمی ہونے والے وکلا کو بھی ٹی وی پر دکھائے، ورنہ عدالتوں میں میڈیا کے داخلے پر پابندی لگا دیں گے۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز وکلا نے لاہور میں دل کے ہسپتال پر حملہ کر کے ڈاکٹروں اور عملے پر تشدد کیا تھا اور ہسپتال کی قیمتی مشینری اور دیگر سرکاری املاک کو بھی نقصان پہنچایا تھا۔