سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے پروفیسر ساجد میر کو فون کر کے کہا کہ انہیں پارٹی نے سینیٹ انتخابات کے لیے کھڑا کرنے کا فیصلہ کیا ہے لہٰذا وہ الیکشن لڑنے کے لیے تیار رہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ پانچویں مرتبہ ہے کہ جمعیت اہلِ حدیث کے سربراہ مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر سینیٹ کا الیکشن لڑیں گے۔
اس ضمن میں ایک پارٹی ترجمان نے کہا کہ 'سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ پروفیسر ساجد میر نے کبھی ٹکٹ کے لیے درخواست نہیں دی، ہمیشہ میاں نواز شریف انہیں کال کر کے اس کی پیشکش کرتے ہیں اور یہی انہوں نے جمعرات کی دوپہر کیا'۔
ترجمان کے مطابق نواز شریف نے علامہ ساجد میر کو سب سے قابل بھروسہ اتحادی قرار دیا جو سینیٹ کا حصہ بننے کے لیے ان کی اور ان کی جماعت کی حمایت پانے کے مستحق ہیں۔ جس پر ساجد میر نے جمہوریت اور اسلامی اقدام کی مضبوطی کے لیے کام جاری رکھنے کا وعدہ کیا۔
اس ضمن میں پارٹی ذرائع نے ڈان اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ 'درحقیقت مسلم لیگ (ن) نے ملک میں مذہبی عناصر کے ساتھ اپنے تمام رابطوں کو پروفیسر ساجد میر کے حوالے کردیا تھا اور انہوں نے پارٹی کی بہت خدمت کی۔
ذرائع نے مزید کہا کہ اس لیے مسلم لیگ (ن) کے لیے ان (پروفیسر ساجد میر) کی اہمیت کسی واحد جماعت یا واحد سینیٹر سے زیادہ ہے۔