انتخابی میلہ آزاد امیدواروں نے لوٹ لیا، ن لیگ دوسرے نمبر پر

عام انتخابات 2024 کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار 93 نشستیں لے کر سب سے آگے ہیں جبکہ مسلم لیگ ن 75 نشستیں جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے اور پیپلز پارٹی نے اب تک 54 نشستیں حاصل کی ہیں۔

انتخابی میلہ آزاد امیدواروں نے لوٹ لیا، ن لیگ دوسرے نمبر پر

ملک بھر میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں پولنگ کے بعد نتائج آنے کا سلسلہ مکمل ہو گیا ہے اور قومی و صوبائی اسمبلیوں کے لگ بھگ تمام نتائج سامنے آ گئے ہیں۔ عام انتخابات 2024 کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار 93 نشستیں لے کر سب سے آگے ہیں جبکہ مسلم لیگ ن 75 جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے اور پیپلز پارٹی نے اب تک 54 نشستیں حاصل کی ہیں۔

ان کے علاوہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان 17، دیگر آزاد امیدوار 9، جمعیت علمائے اسلام ف 4، مسلم لیگ ق 3، استحکام پاکستان پارٹی اور بلوچستان نیشنل پارٹی نے 2، 2 نشستیں حاصل کیں۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی، پاکستان مسلم لیگ ضیا، نیشنل پارٹی، پشتونخوا نیشل عوامی پارٹی پاکستان، بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) اور مجلس وحدت المسلمین کے حصے میں ایک ایک نشست آئی۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 8 پر الیکشن ملتوی ہو گیا تھا۔

وفاقی حکومت کی تشکیل کے لیے مختلف سیاسی جماعتوں کے مابین مشاورت جاری ہے۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

صوبائی اسمبلیوں کی صورت حال

پنجاب اسمبلی کی 297 میں سے 296 نشستوں کے نتائج آ چکے ہیں جن کے مطابق مسلم لیگ ن 138 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی پارٹی بن گئی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار 116 سیٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ 22 نشستیں آزاد امیدواروں نے اپنے نام کی ہیں۔ پیپلز پارٹی 10 اور مسلم لیگ ق 7 سیٹیں جتینے میں کامیاب ہوئی ہے۔ پنجاب سے استحکام پاکستان پارٹی، پاکستان مسلم لیگ ضیا اور تحریک لبیک پاکستان کو 1، 1 نشست پر کامیابی ملی ہے۔ پنجاب اسمبلی کے ایک حلقہ پی پی 266 پر الیکشن ملتوی ہو چکا ہے۔

سندھ اسمبلی کے تمام 130 حلقوں کے نتائج سامنے آ چکے ہیں جن کے مطابق پیپلز پارٹی 83 نشستوں کے ساتھ حکومت بنانے کی پوزیشن میں آ گئی ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان 28 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کو 11 سیٹیں ملی ہیں۔ جی ڈے اے کو 3 اور جماعت اسلامی کو سندھ اسمبلی کی 2 نشستوں پر کامیابی ملی ہے جبکہ 3 آزاد امیدوار بھی سندھ سے کامیاب ہوئے ہیں۔

خیبر پختونخوا اسمبلی کی 115 میں سے 113 نشستوں کے نتائج سامنے آ گئے ہیں۔ ان نتائج کے مطابق 84 نشستوں پر پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار کامیاب قرار پائے ہیں اور حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہیں۔ جمعیت علمائے اسلام ف 7، مسلم لیگ ن 5، پاکستان پیپلز پارٹی 4، جماعت اسلامی 2، پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز 2 اور اے این پی 1 نشست جیتنے میں کامیاب رہی۔ 8 آزاد امیدوار بھی خیبر پختونخوا سے کامیاب ہوئے ہیں۔

بلوچستان اسمبلی کی تمام 51 نشستوں کے نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام ف کو 11، 11 نشستیں ملی ہیں جبکہ مسلم لیگ ن نے 10 سیٹیں جیتی ہیں۔ بلوچستان عوامی پارٹی 4، نیشنل پارٹی 3 اور عوامی نیشنل پارٹی 2 نشستیں جیتنے میں کامیاب رہی۔ بلوچستان نیشنل پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی)، جماعت اسلامی، پاکستان راہ حق پارٹی اور حق دو تحریک کو 1، 1 سیٹ ملی ہے۔ 5 آزاد امیدوار بھی بلوچستان اسمبلی کی سیٹوں پر کامیاب ہوئے ہیں۔