حمزہ شہباز کا جہانگیر ترین گروپ کی قیادت سے رابطہ، جلد ملاقات کا امکان

حمزہ شہباز کا جہانگیر ترین گروپ کی قیادت سے رابطہ، جلد ملاقات کا امکان
پاکستان مسلم لیگ (ن) کا پاکستان تحریک انصاف کے جہانگیر ترین گروپ سے رابطہ ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز نے ترین گروپ کی قیادت سےرابطہ کیا۔ ذرائع کے مطابق آئندہ ہفتے ترین گروپ اور مسلم لیگ ن کی قیادت کی ملاقات ہوگی جس میں تحریک عدم اعتماد سمیت پنجاب میں تحریک عدم اعتماد لانے پر مشاورت کی جائے گی۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف ترین گروپ کے رہنما اور سابق وزیر علیم خان نے سابق وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کی ہے۔

ذرائع کے مطابق علیم خان اور نوازشریف کی ملاقات لندن میں ہوئی جس میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور نواز شریف کے بیٹے بھی موجود تھے۔

ذرائع نے بتایا کہ دونوں رہنماوں کے درمیان ہونے والی طویل ملاقات میں سیاسی امور پر مشاورت کی گئی، علیم خان نے پنجاب میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی بیڈ گورننس کے حوالے سے نوازشریف کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا، جب کہ نواز شریف نے سیاسی رہنما کی حیثیت سے علیم خان کے کردار کو سراہا۔

دونوں رہنماؤں کی ملاقات کا اہتمام مشترکہ دوستوں نے کیا، ذرائع کا بتانا ہے کہ علیم خان نے لندن آنے سے قبل شہباز شریف سے بھی لاہور میں ملاقات کی تھی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات علیم خان کی نواز شریف سے ملاقات میں پاکستان کی سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔

علیم خان نے نواز شریف کو بتایا کہ ان کے ساتھ تین سال میں کیا ہوتا رہا اور انکی اپنی جماعت پی ٹی آئی نے ان کو کس طرح نشانہ بنایا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی علیم خان مسلم لیگ(ن) میں باضابطہ شمولیت اختیار نہیں کریں گے تاہم تحریک انصاف میں ہم خیال گروپ کی قیادت کریں گے۔

ان کی جہانگیر ترین سے ملاقات نہیں ہوگی اور وہ آج وطن واپس آئیں گے، اور آئندہ چند روز میں اراکین اسمبلی کے ساتھ میڈیا کے سامنے پاور شو کریں گے۔