Get Alerts

آئسولیشن وارڈ میں 25 سالہ لڑکی کے ساتھ جنسی زیادتی، دو ڈاکٹر گرفتار

آئسولیشن وارڈ میں 25 سالہ لڑکی کے ساتھ جنسی زیادتی، دو ڈاکٹر گرفتار
بھارت میں دو ڈاکٹروں نے مبینہ طور پر آئسولیشن وارڈ میں موجود 25 سالہ لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کے ضلع گایا میں آئسولیشن وارڈ میں 25 سالہ لڑکی کے ساتھ زیادتی کی گئی ہے۔ متاثرہ لڑکی کو کرونا وائرس کے شبے میں آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا تھا۔ ہسپتال میں کچھ دن قیام اور ٹیسٹوں کے بعد اس بات کی تصدیق ہو گئی کہ لڑکی کرونا وائرس سے متاثرہ نہیں ہے۔ تاہم افسوسناک طور پر لڑکی کا انتقال ہو گیا کیونکہ اسے اسقاط حمل کے عمل سے گزرنے کے بعد ہسپتال لایا گیا تھا اور وہ جنسی زیادتی کی وجہ سے مزید تکلیف نہیں سہہ پائی تھی۔

لڑکی کی ساس نے الزام عائد کیا کہ اس کی بہو کے ساتھ آئسولیشن وارڈ میں زیادتی کی گئی ہے کیونکہ وہ ہسپتال سے باہر آنے کے بعد صدمے کی حالت میں تھی اور اپنی آخری سانسوں میں اس نے بتایا تھا کہ مجھے ایک ڈاکٹر نے زیادتی کا نشانہ بنایا ہے۔

پولیس نے مذکورہ واقعے کے بعد ہسپتال کی سی سی ٹی وی فوٹیج قبضہ میں لے لی ہے جس کی مدد سے دو ڈاکٹروں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے، جن سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

خیال رہے کہ بھارت میں کرونا وائرس کے باعث اب تک 239 ہلاکتیں اور 7 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔