بھارت میں جنسی زیادتی میں ناکامی پر ماں بیٹی کا سر مونڈھ دیا گیا

بھارت میں جنسی زیادتی میں ناکامی پر ماں بیٹی کا سر مونڈھ دیا گیا
انڈیا کی ریاست بہار میں پولیس نے جنسی زیادتی میں ناکامی کے بعد دو خواتین کے سر مونڈنے کے واقعے میں ملوث دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق گرفتار ہونے والے ملزمان اس گروپ کا حصہ تھے جنھوں نے گھر میں گھس کر وہاں پر موجود ماں اور بیٹی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی۔

خواتین کی جانب سے مزاحمت کرنے پر، ان افراد نے انھیں مارا پیٹا اور سر کے بال کاٹ کر ان کو گاؤں میں چکر لگوائے۔ پولیس کے مطابق وہ اس جرم میں ملوث دیگر پانچ افراد کو تلاش کر رہی ہے۔

ریاست بہار کے خواتین کے حقوق سے متعلق کمیشن نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذمہ داران کے خلاف مزید کارروائی عمل میں لائی جائی گی۔

یاد رہے کہ انڈیا میں سنہ 2012 میں نیو دہلی میں بس میں ہونے والے ایک اجتماعی زیادتی اور قتل کے واقعے کے بعد عوام میں جنسی تشدد کے خلاف غم و غصہ بڑھا ہے۔

سنہ 2018 میں بچوں پر ہونے والے ایسے متعدد حملوں کے بعد سیاسی کشیدگی پیدا ہو گئی۔ تاہم اس کے باوجود پورے ملک سے خواتین کے خلاف جنسی زیادتی اور تشدد کے واقعات سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے۔